نیب کا عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کی ٹیم کو خیبر پختونخوا بھجوادیا گیا ہے ۔بشریٰ بی بی کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر گرفتار کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم 3 روز قبل بھی خیبر پختونخوا میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی کوشش کرتی رہی، آج دوبارہ سے نیب کی ٹیم گرفتاری کیلئے تشکیل دی گئی۔نیب خیبر پختونخوا کو بھی ٹیم سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہے ،اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے نیب کی ایک ٹیم بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے سلسلے میں وزیراعلیٰ ہائوس پہنچی، بشری بی بی کی عدم موجودگی کی اطلاع پر اپنی آمد اوراخراج کااندراج کرتے ہوئے رخصت ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم دوگاڑیوں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچی، نیب ٹیم کووزیراعلی ہاؤس کی سیکیورٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ بشری بی بی یہاں نہیں ہیں جس پر نیب ٹیم اپنی آمد اوراخراج کا اندراج کرتے ہوئے رخصت ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ نیب ٹیم کل دوبارہ وزیراعلی ہائوس سے رابطہ کرے ، جبکہ نیب ٹیم نے خیبرپختونخواپولیس سے بھی مددکے لیے ٹیم مانگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی گرفتاری کا فیصلہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر کیا گیا ہے ۔