الیکشن کمیشن میں عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست دائر
شیئر کریں
الیکشن کمیشن میں عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست دائر کردی گئی ۔ایڈووکیٹ فاطمہ نذر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عام انتخابات کی تاریخ دیے جانے کے بعد سے بلوچستان میں سیکورٹی صورتحال نازک ہو گئی۔ عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخوست کا متن ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے بعد سے مکران ڈویژن میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دیہاڑی دار مزدوروں کے قتل، ٹارگٹ کلنگ،آئی ای ڈی بلاسٹ اور خودکش حملوں کی لہر بڑھ گئی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ کیچ اور گوادر میں گزشتہ تین ماہ کے دوران 61 دہشت گردی کے واقعات میں 32 زندگیوں کے چراغ گل ہوئے جبکہ بلوچستان میں بیشتر آبادی کو آمد ورفت میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔ ایڈوکیٹ فاطمہ نذر نے عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں مطلوبہ ٹرن آؤٹ ملنا ممکن نہیں ہے لہٰذا ملک میں انتخابات ملتوی کیے جائیں۔