میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صیہونی فوج کے بری، بحری ،فضائی حملے،غزہ لہو لہو

صیہونی فوج کے بری، بحری ،فضائی حملے،غزہ لہو لہو

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۹ اکتوبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑادیا، صیہونی فوج کے غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری ہیں اور ٹینکوں اور بھاری توپ خانے سے نہتے فلسطینی شہریوں کو خون میں نہلادیا گیا ہے ۔اسرائیل ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، غزہ میں جنگ بندی کی عالمی سفارتی دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے صیہونی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پرشدیدبمباری کی گئی ، اسرائیلی زمینی، فضائی اور بحریہ کی بمباری سے مزید 300سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں بڑی تباہی پھیل گئی ہے اور تاحال درجنوں لاشوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے ، اس حوالے سے فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملوں میں شہدا کی تعداد 8ہزارہو گئی ہے جن میں 3600 سے زائد بچے اور 1800سے زائد خواتین شامل ہیں ۔اسرائیلی فوج کے حملوں میں 22 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ 940 بچوں سمیت 1650 فلسطینی لاپتہ ہیں ۔غزہ پر اسرائیل کی حالیہ شدید ترین بمباری کے نتیجے میں انٹرنیٹ و مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا اور وہاں پھنسے ہوئے 23 لاکھ لوگوں کا باقی دنیا کے ساتھ رابطہ بالکل منقطع ہو گیا ہے۔مواصلاتی نظام تباہ ہونے سے اسرائیلی بمباری کے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی۔دریں اثنا ٹیکنالوجی کمپنی سربراہ ایلون مسک نے غزہ پٹی میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کو بذریعہ سیٹلائٹ، انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا تاہم اسرائیل نے اس کی مخالفت کردی۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں زمینی افواج بھجوانے کے بعد حماس کے خلاف جنگ دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ کے شہریوں کو اپنے گھر خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں جاری زمینی کارروائیاں جنگ کا دوسرا مرحلہ ہے، غزہ کے شہری اپنے گھر خالی کرکے چلے جائیں۔نیتن یاہو نے اسے ملک کے بقا کی جنگ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ غزہ پر قبضے سے پہلے حملوں میں مزید شدت آئے گی ، ایسے لمحات آتے ہیں کہ جب قوم کے سامنے دو ہی ممکنات ہوں، کچھ کرنے یا مرنے کی ، ہم بھی اسی امتحان سے گزر رہے ہیں اور مجھے کوئی شبہ نہیں کہ یہ ختم ہو گی اور ہم ہی فاتح ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں داخل ہوئے بغیر حماس کو تباہ نہیں کر سکتے، اسرائیل یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔اس حوالے سے اسرائیلی وزیردفاع گیلانٹ نے ایک اجلاس میں کہا غزہ میں زمینی کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کے برعکس دوسرا حکم جاری نہیں کیا جاتا، ہم جنگ میں ایک مرحلے سے گزر چکے ہیں اور غزہ میں زمین ہل گئی ہے۔دوسری طرف فلسطینی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ حالیہ حملوں نے غزہ کی پٹی میں سینکڑوں عمارتوں کو تباہ کر کے زمین بوس کر دیا ہے۔ادھر عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے لیے اس جنگ میں زیرِ زمین اہداف انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن کو نشانہ بنا کر وہ حماس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔عرب ممالک نے اسرائیل کو غزہ پٹی میں مزید کارروائی سے خبردار کردیا ہے اور سعودی عرب نے زمین پر قبضہ ناانصافی قرار دیا، عمان اور قطر نے بھی اسرائیل کی کارروائی کو ممکنہ جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے ۔قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ اسرائیل کی زمینی کارروائی کے عام شہریوں پر بدترین نتائج ہوں گے اور اس سے انسانی بحران گھمبیر ہوجائے گا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے شروع کئے گئے نئے جنگی مرحلے کے اثرات پر بات کرنے کے لیے ہنگامی عرب سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔محمود عباس نے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کا جواب زمینی حملے اور مزید کشیدگی سے دیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں