مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے، دہشتگردوںکو انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،
شیئر کریںچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے، دہشتگردوںکو انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا، مندر دہشت گردوں کا نشانہ ہیں۔ کل پھر قوم نے دشمن کو مسترد کرکے دہشتگرد نظریے کو شکست دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملا کنڈ ڈویژن کے علاقے اپر دیر کا دورہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کی آمد پر استقبال کیا۔ جبکہ سپہ سالار کوStabilization Operatons اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے جوانوں کو علاقے میں امن کیلئے کی کوششوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ پر جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوان شر پسند عناصر کی حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں چوکنا رہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا بھی دورہ کیا اور پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی اور اْن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مدرسے پر حملہ اسلام دشمنی ہے،دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کل پھر قوم نے دشمن کو مسترد کرکے دہشتگرد نظریئے کو شکست دی اور دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کر کے بے مثال یکجہتی دکھائی۔ آج بھی ہم اْس جذبے کے تحت ایک ہیں۔ ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا اورآج بھی مشترک ہے۔ دشمن کل بھی وہی تھا۔ دشمن آج بھی وہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر 2014کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔27اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر دشمن نے ایک بار پھر وار کیا، دشمن نے سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کی کوشش کی۔ دشمن نے مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔ ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ میں خاص طور پر مدرسے کے ان بچوں، اساتذہ اور خاندانوں کا دْکھ بانٹنے آیا ہوں ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک نہ پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ افغانستان اور پاکستا ن دونوں نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کا سامنا کیا۔ پاکستان نے مہاجرین بھائیوں کیلئے اپنے دِل اور دروازے کھول دیے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ افغان بھائیوں کے دْکھ اور سکھ میں شریک ہیں۔ افغانستان اور پاکستان کا امن ایک دوسرے سے جْڑا ہے۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اْن کا نظریہ دہشت پھیلانا اور معاشرے میں خوف کی فضاپیدا کرنا ہے۔ مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دْشمنی ہے۔ مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا، مندر دہشت گردوں کا نشانہ ہیں۔ تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ افغان بھائیوں کے دْکھ اور سکھ میں شریک ہیں۔پاکستان اور افغانستان دونوں موجودہ حالات میں کسی بد امنی یا انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ایسی صورتحال کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ ہمارے دل پہلے بھی ساتھ دھڑکتے تھے اور اب بھی ہم آپس میں جْڑ ے ہوئے ہیں۔ ہمارے لیے ہمہ جہتی اور اتحاد ہی وقت کی ظرورت ہے۔ ہم آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے کوشاں ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس کیلئے بھرپور تعاون کرتا رہے گا۔ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین بھائیوں کو بھی دْشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہو گا۔