عید میلاد النبیؐ کراچی میں جشن ولادت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی
شیئر کریں
ملک بھر کی طرح شہرقائدمیں بھی خاتم النبینﷺ کے جشن ولادت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں جبکہ شہر کی اہم عمارتوں اور گلی کوچوں کو برقی قمقموں اور جھنڈوں سے سجادیا گیاہے۔جشن ولادتﷺ کے لیے محفل نعت اور دیگر محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے،جشن میلاد النبیﷺ کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں شہری بڑی تعداد میں جشن ولادت کے حوالے سے جھنڈے ،بیجز ،لائٹیں ،جھالریں ،نعلین پاک اور دیگر آرائشی اشیاء کی خریداری کررہے ہیں،گزشتہ سال کی نسبت امسال عید میلاد النبیﷺ میں سجاوٹ کے سامان کی قیمتوں میں 30سے 50فیصد اضافہ دیکھا گیاہے۔پیپرمارکیٹ میں واقع ان سجاوٹی اشیاء کے دکاندار فہد صدیقی نے بتایا کہ جشن عید میلاد النبیؓ کی تیاریوں کے حوالے سے لوگوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد عام علاقوں کی نسبت ہول سیل سے خریداری کو ترجیح دے رہی ہے کیونکہ یہاں قیمتوں میں عام علاقوں کی نسبت 20سے 30فیصد کمی ہے،انھوں نے بتایا کہ یہ تمام اشیاء مقامی طور پر تیار کی جارہی ہیں، انھوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ خریداری جھنڈوں ،بیجز اور جھالر لائٹوں کی جارہی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد انھیں خرید کررہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ رواں برس مختلف سائز اور رنگوں پر مشتمل خوبصورت جھنڈے فروخت کیے جارہے ہیں،سب سے زیادہ سبز جھنڈا فروخت ہورہا ہے،یہ جھنڈے مختلف سائز اور اقسام کے ہیں،سب سے چھوٹا جھنڈاجس کا سائز 2030اور بڑا جھنڈا جس کا سائز72108کا ہے،یہ جھنڈے 60روپے سے لے کر 300روپے تک فروخت کیے جارہے ہیں،اس کے علاوہ ہاتھوں میں لہرانے والے جھنڈے کی قیمت بھی 10سے لے کر 50روپے تک ہے۔جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے چھوٹے بچوں کے لیے سبز اور سفید رنگوںکے سوٹ بھی متعارف کرائے گئے ہیں،یہ سوٹ ایک سال کے بچے سے لے کر 12سال تک کے بچوں کیلیے ہیں، ان سوٹوں کی قیمتیں 200روپے سے لے کر 500 روپے تک ہیں، ٹوپیاں ،ہیئر بینڈ ،ہینڈ بینڈ بھی فروخت کی جارہی ہیں جن کی قیمتیں 20روپے سے لے کر 300روپے تک کے درمیان ہیں۔جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے رواں برس انتہائی خوبصورت اور فینسی بیج متعارف کرائے گئے ہیں،یہ بیجز نعلین پاک اور مسجد نبوی کی شبیہہ کی مناسبت سے تیار کیے گئے ہیں،ان بیجز کی قیمت 20روپے سے لے کر 1200روپے تک ہے،اس کے علاوہ لائٹ والے اور سادے بیجز بھی بڑی تعداد میں فروخت کررہے ہیں۔نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے بتایا کہ جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے کراچی میں مرکزی جلوس کا آغاز 150سال قبل کیا گیا تھا،یہ جلوس لیاری سے نکالا جاتا تھا ،جو بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوتا تھاتاہم 40برس قبل اس جلوس کے روٹ میں تبدیلی کی گئی اور یہ جلوس اب میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے نشتر پارک تک نکالاجاتا ہے،یہ مرکزی جلوس ہوتا ہے،اس کے علاوہ شہر بھر سے چھوٹے بڑے 200سے زائد جلوس نکالے جاتے ہیں جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہوتے ہیں،جشن میلا النبیؓ کا مرکزی اجتماع نشتر پارک میں ہوتا ہے،رواں عید میلاد النبیؓ پر بھی جلوس 12ربیع الاول کو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نشتر پارک پہنچے گا۔انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ میلاد النبیؓ کے مرکزی اجتماع میں فرانس میں حضرت محمد کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔