سندھ کی تمام جیلوں کو اصلاح گھر میں تبدیل کریں گے، قائم مقام آئی جی جیل خانہ
شیئر کریں
(رپورٹ:محمد قیصر)سندھ کے آئی جی جیل خانہ جات انور مصطفی ملازمت سے ریٹائرڈ ہو گئے۔ سندھ حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات سندھ کا چارج ڈی آئی جی جیل محمد حسن سہتو کے سپرد کر دیاہے جس کے بعد محمد حسن سہتو نے قائم مقام آئی جی جیل خانہ جات سندھ کا چارج سنبھال لیاہے۔ قائم مقام آئی جی جیل سندھ کا چارج سنبھالنے کے بعد محمد حسن سہتونے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب تک آئی جی جیل خانہ جات کا چارج ہوگا تب تک سندھ بھر کے تمام جیلوں کی بہتری کے لیے کام کیا جائے گا اور قیدیوں کی فلاح وبہبودقیدیوں کے مسائل اور جیل قوانین کے تحت ان کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ نمائندہ روزنامہ جرأت سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل قوانین کے تحت قیدیوں سے ان کے اہل خانہ کی ملاقاتیں بلاتعطل کرائی جائیں گی اور جیل کے عملے نے قیدیوں سے ملاقات کے لیے ورثاء سے رشوت طلب کی توان اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔ آئی جی جیل خانہ جات محمد حسن سہتو نے مزید کہا کہ سندھ کی تمام جیلوں کو اصلاح گھر میں تبدیل کریں گے اور ہنر مند قیدیوں کو جیلوں میں قائم ہنر مرکزوں کے اندر تربیت دی جائے گی تاکہ وہ جیل سے نکلنے کے بعد اپنا باعزت روزگار کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی سندھ کی تمام جیلوں کا دورہ کریں گے اور قیدیوں کے مسائل سنیں گے ۔