ناظم جوکھیو قتل کیس کا صلح نامہ، لواحقین نے قاتلوں کو معاف کر دیا
شیئر کریں
ناظم جوکھیو قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح نامہ سامنے آ گیا ہے۔ لواحقین نے ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو اللہ کے نام پر معاف کردیا۔ ناظم جوکھیو قتل کیس میں صلح نامے کی کاپی منظرعام پرآگئی ہے، جس کے مطابق ناظم جوکھیو کی والدہ اور بیوہ نے ملزمان کو معاف کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ملیر کی عدالت میں جمع کروائے گئے صلح نامے میں لواحقین نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو اللہ کے نام پر معاف کر دیا ہے اورفریقین 6 ملزمان کے خلاف کیس نہیں چلانا چاہتے ہیں۔ صلح نامے میں درج ہے کہ مقتول کی والدہ اور بیوہ کی جانب سے حلف نامے جمع کروائے گئے جس میں درج ہے کہ اویس جوکھیو، معراج، سلیم، دودا، سوماراور احمد کو معاف کر دیا۔ حلف نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت ملزمان کو بری کر دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں نے بھی کہا ہے کہ اگر عدالت صلح نامہ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کر دے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔