ایمان مزاری کا حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع
شیئر کریں
سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے دوسری بار گرفتار ہونے والی ایمان مزاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی جس میں سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔ ایمان مزاری کی درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد ایمان مزاری کو تیسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا، انہیں ایک کے بعد ایک مقدمے میں گرفتاری کا سامنا ہے، ایمان مزاری کو حفاظتی ضمانت فراہم کی جائے تاکہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کرسکیں۔ درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایمان مزاری مقدمات کی تفتیش میں مکمل تعاون کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، عدالت ایف آئی اے اور صوبائی اداروں کو گرفتار کرنے سے روکے، اور ایمان مزاری کے خلاف ملک بھر میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔