انٹارکٹیکا میں 138 آتش فشانوں کا انکشاف
شیئر کریں
عالمی ماہرین کی ایک ٹیم نے برفانی براعظم قطب جنوبی یعنی انٹارکٹیکا میں 138 آتش فشانوں کا پتا چلایا ہے جن میں سے 91 ایسے ہیں جن کے بارے میں پہلی بار ہمیں علم ہوا ہے۔ریموٹ سینسنگ نامی تکنیک استعمال کرتے ہوئے، خصوصی مصنوعی سیارچوں کے ذریعے انٹارکٹیکا کا جائزہ لینے کے بعد ماہرین نے ایک خصوصی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس برفیلے براعظم پر ہمارے سابقہ اندازوں کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ آتش فشاں پہاڑ موجود ہیں ۔البتہ ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ ان میں سے کتنے آتش فشاں سرگرم اور کتنے مردہ یعنی غیر سرگرم ہیں ۔ یہ جاننا اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ سرگرم آتش فشاں کسی وقت بھی اچانک پھٹ سکتے ہیں اور ان سے خارج ہونے والا گرم لاوا اور راکھ زمینی ماحول کو شدید طور پر متاثر کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ قطب جنوبی پر برف کی صورتِ حال پہلے ہی بہت خراب ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ حال ہی میں وہاں سے ایک بہت بڑا برفانی تودا ٹوٹ کر سمندر میں آزاد ہو گیا ہے جبکہ وہاں پر موجود سینکڑوں فٹ موٹی برف کی تہہ بتدریج پتلی ہوتی جا رہی ہے۔اگر اس مسئلے میں آتش فشانی سرگرمیاں بھی شامل ہو گئیں تو خدشہ ہے کہ انٹارکٹیکا پر برف پگھلے کا سلسلہ اور بھی تیز ہو سکتا ہے اور جس سیارے پر ہم رہ رہے ہیں یعنی زمین پر تباہ کن حالات ہمارے سابقہ اندازوں کے مقابلے میں کہیں پہلے نمودار ہو سکتے ہیں ۔