میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم کیوایم وفاقی حکومت سے علیحدہ ہو ، صوبائی وزراء کا مطالبہ

ایم کیوایم وفاقی حکومت سے علیحدہ ہو ، صوبائی وزراء کا مطالبہ

ویب ڈیسک
پیر, ۲۹ جون ۲۰۲۰

شیئر کریں

سندھ کے صوبائی وزراء سید ناصرحسین شاہ ، سعید غنی اور امتیازشیخ نے ایم کیوایم پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو پٹرولیم قیمتوں پر اعتراض ہے تو وفاق سے علیحدہ ہو،ایم کیوایم وفاق کا حصہ ہے ان کے فیصلوں سے خود کو لاتعلق نہیں کر سکتی، سیاسی شوشے کے طور پر کچھ لوگوں نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیاجو کہ سمجھ سے بالاتر تھا،اگر ان لوگوں کے دلوں میں کراچی کے لوگوں کا اتنا ہی درد ہے تو یہ بتائیں کہ وفاقی حکومت جس کے یہ اتحادی بھی ہیں ان سے کراچی کے لیے کیا مانگا،صوبائی بجٹ میں کراچی کوزیادہ اہمیت دی گئی ہے ،سندھ حکومت نے بجٹ میں ملازمین، مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے ، کورونا کے باوجود حکومت نے عام لوگوں کو ریلیف دیا،وزیراعلیٰ نے کہہ دیا ہے کہ کوئی نئی گاڑی نہیں لی جائیگی، فیلڈ افسران کو ضرورت کے تحت کچھ گاڑیاں دی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم پاکستان کو احتجاج کرنا ہی ہے تو وہ وفاقی حکومت کے خلاف کریں نہ کہ صوبائی حکومت کے خلاف۔ایم کیو ایم والے وفاقی حکومت سے پوچھیں گے کہ کراچی کے لیے اعلان کردہ 162 ارب روپے کا پیکیج کدھر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی پارٹی کے بارے میں کوئی کیا کہے جو اپنے ایک وفاقی وزیر کو ہی اون نہیں کرتی۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کی سیاست کراچی اور حیدرآباد تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندگان کو ایم کیو ایم پاکستان کے لوگوں سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے وفاقی حکومت سے کراچی کے لیے کیا مطالبہ کیا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا دھرنا نیشنل اسمبلی کے سامنے بنتا ہے نہ کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کے سامنے ۔وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سید ناصر حسین نے کہا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بے تحاشا اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی نااہلی کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر برائے تعلیم و لیبر سعید غنی نے کہا کہ اس بجٹ میں سندھ حکومت کے سوا کسی بھی حکومت نے چاہے وہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومت مزدوروں اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 27 سے 66 فیصد تک پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی ایک نااہل سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا تو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے لوگ اپنے لوگوں کو منہ دکھانے کے لائق نہیں ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دھرنے کا مقصد میڈیا میں پزیرائی حاصل کرنا تھا۔ صوبائی وزیر تعلیم و لیبر نے مزید کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور پانی اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اربوں روپے کے پروجیکٹس سائن ہوچکے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں