گیٹز فارما کا اپنا ریکارڈ کمپنی کے خلاف گواہ، منی لانڈرنگ کے ساتھ مشکوک خام مال کی درآمد جاری
شیئر کریں
(جرأت انوسٹی گیشن سیل) گیٹز فارما منی لانڈرنگ اور ناجائز منافع خوری جیسے سنگین مالیاتی جرائم کے ساتھ ڈاکٹروں اور کیمسٹ حضرات کو بھی دھوکا دینے میں ملوث رہی ہے۔ دو دن قبل(27مئی)کو انہی صفحات پر گیٹز کی دھوکا دہی اورقیمتی انسانی جانوں کو موت کے خطرے سے دوچار کرنے پر ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں گیٹز فارما کی جانب سے گزشتہ سال چینی فارما سیوٹیکلز کمپنی Zhejiang Huahai کے خام مال VALSARTAN میں ہونے والی ملاوٹ کے بعد گیٹز فارما کی جھوٹی اشتہاری مہم کا ذکر کیا گیا تھا جس میں گیٹز فارما نے منافقت اور دھوکا دہی دہی کی انتہا کرتے ہوئے نہ صرف عام مریضوں، بلکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، ڈاکٹر اور کیمسٹ حضرات کو بھی اندھیرے میں رکھتے ہوئے اپنی VALSARTAN سے بننے والی ادویات کے استعمال کو محفوظ قرار دیا تھا۔ گیٹز نے اپنے اشتہا ر میں واضح طور پر لکھا تھا کہ’گیٹز فارما نے کبھی بھی Zhejiang Huahaiسے ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹ (اے پی آئی)خریدا ہے اور نہ ہی کبھی استعمال کیا ہے۔‘
جرأت تحقیقاتی سیل نے گیٹز کے اس جھوٹے دعوے کا پردہ فاش کرتے ہوئے گیٹز کا گزشتہ سال کا درآمدی ریکارڈ چیک کیا جس سے گیٹز کی انسانیت دشمنی کے مزید ثبوت سامنے آئے۔
گیٹز فارما گزشتہ کئی سالوں سے Zhejiang Huahai سے خام مال خریدنے والی کمپنیوں میں شامل ہے، اپنے دعوے کے برعکس وہ اپنی دافع تشویش، امراض قلب اور جان بچانے والی اہم ادویات کا خام مال بھی مشکوک چینی کمپنی سے منگواتی رہی ہے
گیٹز فارما کی جانب سے Zhejiang Huahai فارماسیوٹیکل سے کبھی بھی خام مال نہ خریدنے کا دعویٰ اس کے دیگر دعووں کی طرح کھوکھلا اور ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ گیٹز فارما مذکورہ کمپنی سے نہ صرف VALSARTAN کی خریداری میں ملوث رہی ہے بلکہ یہ Zhejiang Huahai فارماسیوٹیکل سے اپنی دافع تشویش اور امراض قلب کی ادویات کے لیے LISINOPRIL DIHYDRATE، CARVEDILOL کے ساتھ ساتھ دیگر اہم اور جان بچانے والی ادویات کا خام مال بھی منگواتی رہی ہے۔ گیٹز فارما گزشتہ کئی سالوں سے Zhejiang Huahai فارماسیوٹیکل سے خام مال خریدنے والی کمپنیوں میں شامل ہے۔ اگرگزشتہ دو، تین سالوں کے ریکارڈ کو ہی چیک کیا جائے تو گیٹز فارما مذکورہ کمپنی سے ایک ایک خام مال کی متعدد شپمنٹس منگواتی رہی ہے۔
مشکوک چینی کمپنی سے درآمدہ خام مال کی تمام شپمنٹ میں گیٹز فارما کی جانب سے منی لانڈرنگ کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ گیٹز ماضی میں بھی ری راؤٹنگ کر کے خام مال کی درآمدی قیمتیں انوائسز میں زیادہ ظاہر کر چکی ہے
ہیر پھیر اور جعلسازی در جعلسازی کے اس سارے معاملے میں قابل گرفت بات یہ ہے کہ اگر Scilife اس دوا کی مارکیٹنگ کر رہی ہے تو پھر اسے اس دوا کا خام مال’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘ درآمد کرنے کی اجازت کیسے دی گئی؟
گیٹز نے یکم دسمبر،2015کو Zhejiang Huahai فارماسیوٹیکل سے 47کلو LISINOPRIL DIHYDRATEدرآمد کروایا، جس کا بل آف لیڈنگ نمبر 21752237356 تھا۔ اٹھارہ جون،2016 کو گیٹز نے 49 کلو ’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘ کی شپمنٹ وصول کی، جسے شاہین ایئر پورٹ سروسز نے بل آف لیڈنگ نمبر 21755416546 کے ساتھ تھائی لینڈ کے ہوائی اڈے سے پرواز نمبر TG-341سے کراچی بھیجا تھا۔ اس شپمنٹ کے تقریبا دو ماہ بعد بارہ اگست، 2016کو گیٹز نے ’لسنو پرل ڈی ہایڈریٹ‘ کی ایک اور شپمنٹ درآمد کروائی۔ پچاس کلو گرام کی اس شپمنٹ کو شاہین ایئر پورٹ سروسزنے بنکاک کے SUVARNABHUMIہوائی اڈے سے پرواز نمبر TG-341سے کراچی بھیجا گیاتھا۔ اس شپمنٹ کا بل آف لیڈنگ نمبر 21755435015 تھا۔ پانچ جون،2017کو گیٹز فارما نے Zhejiang Huahai فارماسیوٹیکل 48کلو گرام ’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘منگوایا، بل آف لیڈنگ نمبر 15708703483 کے ساتھ درآمد ہونے والے اس خام مال کو میسرز رائل ایئر پورٹ سروسز نے دوحہ قطر کے ہوائی اڈے سے قطر ایئر لائن کی پرواز نمبرQR-604سے کراچی روانہ کیا تھا۔ سات مئی،2018 کو گیٹز فارما نے مذکورہ کمپنی سے ایک بار پھر49کلو گرام’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘منگوایا۔ اس شپمنٹ کو جیریز ڈیناٹا پرائیوٹ لمیٹڈ نے ایمریٹس ائیر لائن کی پرواز نمبرEK-602سے کراچی بھیجا۔ اس شپمنٹ کا بل آف لیڈنگ نمبر17689881470تھا۔ واضح رہے کہ مذکورہ تمام شپمنٹ میں گیٹز فارما کی جانب سے منی لانڈرنگ کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ گیٹز ماضی میں بھی ری راؤٹنگ کر کے خام مال کی درآمدی قیمتیں انوائسز میں زیادہ ظاہر کر چکی ہے۔ اور اس طریقہ کار میں وہ پورٹ آف شپمنٹ کو تبدیل کرتی رہی ہے اور ایک ہی کمپنی سے خریدی گئی درج بالا تمام شپمنٹ کو تین مختلف ممالک سے پاکستان بھیجا گیا جس سے گیٹز فارما کی منی لانڈرنگ کے شبہ کو تقویت ملتی ہے۔ (اس ضمن میں گیٹز کے تمام پرانے ریکارڈ کی چھان بین جرأت انوسٹی گیشن سیل میں جاری ہے)
واضح رہے کہ گیٹز فارما اس خام مال سے Truprilاور Co-Trupilکے نام سے بننے والی ادویات تیار کرتی ہے اور اس کی مارکیٹنگ کراچی اوورسیز کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے پلاٹ نمبر 16پر قائم ایک دوسری کمپنیScilife فارما پرائیو ٹ کر رہی ہے، گیٹز فارما کی طرح یہ کمپنی بھی عالمی ادارہ برائے صحت کے معیارات کے مطابق کرنٹ گڈ مینو فیکچرنگ پریکٹس(سی جی ایم پی) کے دعوے کرتی نظر آتی ہے(جس کی حقیقت آئندہ شماروں میں بیان کی جائے گی)۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق Co-Trupril ابھی بھی گیٹز فارما کے نام پر رجسٹرڈ ہے،جس کا رجسٹریشن نمبر 039730 ہے۔Trupril بیس ملی گرام رجسٹریشن نمبر 061705 کے ساتھ گیٹز کے نام پر رجسٹرڈ ہے، لیکن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نےTrupril بیس ملی گرام کو Scilifeفارما کے نام پر بھی رجسٹریشن نمبر 084717 کے ساتھ رجسٹرڈ کر رکھاہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ ڈریپ میں رجسٹرڈ ہونے کے باوجود گیٹز فارما اس دوا کو اپنی پراڈکٹ تسلیم نہیں کرتی، جس کا واضح ثبوت گیٹز فارما کی ادویات کی فہرست ہے جس میں ان دونوں ادویات کے نام سرے سے موجود ہی نہیں۔ دوسری جانب Scilifeکی جانب سے Co-Trupilکے لیف لیٹ میں واضح طور پر’مینوفیکچرر بائے گیٹز فارما‘ اور ’مارکیٹیڈ بائے Scilife‘ لکھا ہوا ہے۔
ہیر پھیر اور جعلسازی در جعلسازی کے اس سارے معاملے میں قابل گرفت بات یہ ہے کہ اگر Scilife اس دوا کی مارکیٹنگ کر رہی ہے تو پھر اسے اس دوا کا خام مال’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘ درآمد کرنے کی اجازت کیسے دی گئی؟ اگر مذکورہ کمپنی کے گزشتہ ایک سال کے درآمدی ریکارڈ کو چیک کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ Scilifeنے گزشتہ سال8/اگست کو اسی کمپنی ZHEJIANG HUAHAI فارما سیوٹیکل سے 14کلو’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘درآمد کروایا،جسے بل آف لیڈنگ نمبر 23575222195کے ساتھ جیریز ڈیناٹاپرائیوٹ لمیٹڈ نے ترکش ایئر لائن کی پرواز نمبرTK-708سے ترکی کے کمال اتا ترک ہوائی اڈے سے کراچی بھیجا۔ جبکہ رواں سال مذکورہ کمپنی سے ’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘ کی تین شپمنٹ منگوا چکی ہے۔رواں سال 14جنوری کو بل آف لیڈنگ نمبر 1524952752 کے ساتھ اس خام مال کودرآمد کیا گیا، جسے بنکاک کےSUVARNABHUMI ہوائی اڈے سے شاہین ایئر پورٹ سروسز کی پرواز نمبرTG-507سے کراچی بھیجا گیا۔اس کے چار دن بعد 18 /مارچ کو ZHEJIANG HUAHAIفارما سیوٹیکل سے 14کلو گرام’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘ منگوایا گیا۔ بل آف لیڈنگ نمبر23538100274 کے ساتھ درآمد ہونے والی اس شپمنٹ کوجیزیز ڈیناٹا پرائیوٹ لمیٹڈ نے ترکی کے کمال اتا ترک سے ترکش ائیر لائن کی پرواز نمبر TK-708سے کورنگی کریک، انڈسٹریل پارک کے پلاٹ نمبر FD-57/58 پر بھیجا گیا۔ SCILIFEنے اس خام مال کی آخری شپمنٹ نو دن (29مئی) قبل ہی منگوائی ہے۔ بل آف لیڈنگ نمبر 23538921385 کے ساتھ آنے والی اس شپمنٹ کو بھی جیریز ڈیناٹا نے ترکی کے کمال اتا ترک ہوائی اڈے سے ترکش ایئر لائن کی پرواز نمبر TK-6556سے کورنگی کریک روانہ کیا تھا۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ ’لسنو پرل ڈی ہائیڈریٹ‘سے بننے والی ادویات ’ٹروپل‘ اور ’کو ٹروپل‘ تو مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں ہے، لیکن اس کا خام مال باقاعدگی سے درآمد کیا جا رہا ہے۔ جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ Scilife اور گیٹز فارما مذکورہ خام مال کی آڑ میں کچھ اور دھندے کر رہی ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام، پاکستان کسٹمز اور نیب کو چاہیے کہ مذکورہ خام مال کے درآمدی ریکارڈ کی بنیاد پر ٹروپل اور کو ٹروپل کی پراڈکشن کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت سے سخت کا رروائی کرے اور مذکورہ دوا کی مارکیٹ میں دست یابی کو یقینی بنایا جائے (جاری ہے)