جہانگیر ترین کے جرائم بڑے ، سپریم کورٹ نے سزا کم دی ہے، حامد خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیرترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے ، سپریم کورٹ سے نااہل کسی بھی شخص کو پارٹی معاملات نہیں چلانے چاہئیں۔ عمران خان جہانگیر ترین جیسے لوگوں سے جلدی جان چھڑا لیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کے جرائم بہت بڑے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے انہیں سزا کم دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جہانگیر ترین جیسے لوگ عمران خان کو چھوڑ کر بھاگ جائیں گے ، سپریم کورٹ سے نااہل کسی بھی شخص کو پارٹی معاملات نہیں چلانے چاہئیں۔حامد خان نے کہا کہ پارٹی اور عمران خان کو لوگوں نے کہیں اور دیکھا تھا جبکہ جہانگیر ترین نے ایسے لوگوں کو بھی سائیڈ لائن کر دیا جن کو وہ خود ساتھ لائے تھے ۔پی ٹی آئی رہنما نے جہانگیر ترین پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابات میں جہانگیر ترین سمیت 4 لوگوں نے پیسے تقسیم کیے تھے جبکہ جہانگیر ترین نے تو اپنے والدین کے خلاف بھی مقدمہ بازی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دھڑے بندی 2011 کے بعد پیدا ہوئی جبکہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین جیسے لوگوں کو بھی پارٹی چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا سیاسی کردار افسوسناک رہا ہے ، جہانگیر ترین نے ہماری پارٹی کو تقسیم کر دیا ہے ۔ میں جہانگیر ترین سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتا کیونکہ انہوں نے پارٹی میں خوف کی فضا پیدا کر رکھی ہے ۔