حکومت کا ایم کیو ایم کو ایک اوروزارت دینے کا فیصلہ
شیئر کریں
حکومت نے ایم کیو ایم کو گورنر سندھ کے ساتھ پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی چینل کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں، اور حکومت نے اپنے اتحادیوں کو بڑی آفر کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اتحادیوں کے تحفظات کو سن لیا گیا ہے، اور حتمی فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔وزیراعظم نے چوہدری پرویز الہی کو بنی گالہ بلایا اور پنجاب کی وزارت اعلی پرویز الہی کو دینے اور عثمان بزدار کو ہٹانے میں رضا مندی کا اظہار کیا۔ دوسری اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو گورنر سندھ اور پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جب کہ بی اے پی کو وفاقی کابینہ میں حصہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی بڑی پیشکش کے بعد حکومتی اتحادی اپوزیشن کے ساتھ نہیں جائیں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ ہمیں فیصلے کی جلدی نہیں حکومت کا رہنما یا جانا ایم کیو ایم کے ہاتھ میں ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی امین الحق نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی دروازے بندنہیں کیے جاتے ہمیں فیصلہ کرنے کی جلدی نہیں ہے باہمی مشاورت کے بعد کل یا پرسوں حتمی فیصلہ کرینگے حکومت کا رہنا یا جانا ایم کیو ایم کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ق لیگ ملاقات سے پہلے ہی عندیہ دے گئے تھے کہ کیا ہوگا، ہماری بھی حکومتی وفد سے ملاقات ہوگی جس کے بعد کل یاپرسوں فیصلہ کرنیکی پوزیشن میں ہونگے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم میں ایسا نہیں ہوگا کہ 4 ایک طرف اور3 ایک طرف ہوں، ایم کیو ایم کے تمام رہنما پتنگ کے نشان کیساتھ کھڑے ہیں اور خالدمقبول صدیقی کی قیادت میں متحد ہیں۔امین الحق نے مزید کہا کہ اپوزیشن میں بہت جماعتیں ہیں ڈر لگتا ہے کہ معاملات کیسے حل ہونگے۔ ایم کیوایم پاکستان نے تمام کارکنان اور ووٹرز سے مشاورت کی ہے اور مشاورت کا یہ عمل اب تک جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے گورنر شپ کی ڈیمانڈ نہیں کی اور نہ ہی اس پوزیشن میں ہیں، خالدمقبول نے کہا تھا ہم ایک وزارت کا بوجھ اٹھالیں تو کافی ہے، ساڑھے4 ماہ پہلے جب مونس کو وزیر بنایا جارہا تھا تو ایک وزارت کی ڈیمانڈ ہی تھی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نیہمارے مسائل بھی سنے اور حل کرنے کی منظوری بھی دی، ہمارا موقف ہے کہ جو لوگ منتخب ہوتے ہیں ان کا حق ہے کہ 5 سال پورے کریں اور پارلیمنٹ کو 5 سال پورے کرنے کا وقت دینا چاہیے۔امین الحق نے کہا کہ 22اگست2016کے بعدایم کیوایم ایک الگ جماعت ہے، مہنگائی صورتحال اچھی نہیں لیکن پڑوسی ممالک میں اس سے بھی خوفناک صورتحال ہے۔