روہڑی حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک جاپہنچی
شیئر کریں
رات گئے کندھرا پھاٹک کے قریب پاکستان ایکسپریس اور مسافر بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد انیس تک جاپہنچی ہے ۔تفصیلات کے مطابق رات گئے سکھر میں مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی زدمیں آئی،حادثہ روہڑی کے قریب کندھرا پر پھاٹک نہ ہونے کیباعث پیش آیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا،حادثے کے بعد روہڑی تعلقہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق روہڑی اسپتال میں تیرہ جبکہ سول اسپتال سکھر میں چھ میتیں لائی گئیں اس کے علاوہ چھبیس زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا۔بدقسمت مسافر بس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی۔حادثے کے بعد پاکستان ایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن کی طرف روانہ کردیا گیا جبکہ ریلوے اہلکاروں نے ٹریک پر موجود ملبہ ہٹانے کے بعد اپ ٹریک کو بحال کردیا ہے ۔وزیرریلوے شیخ رشید نے روہڑی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثہ ان مینڈلیول کراسنگ پر پیش آیا، حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے میں ٹرین انجن کو نقصان پہنچا اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوا، حادثے میں ٹرین کے مسافر محفوظ رہے ، حادثے کی انکوائری ایف جی آئی آر کریں گے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے روہڑی حادثے میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت پر زخمیوں کے بروقت علاج کو ممکن بنائے ۔