بےنظیر بھٹو کی قریبی ساتھی ناہید خان بھی بختاور بھٹو کی شادی کے دعوت نامے سے محروم
شیئر کریں
کراچی (رپورٹ: شعیب مختار) بختاور بھٹو کی شادی کا دعوت نامہ والدہ کی قریبی ساتھی کو بھی نہ مل سکا پیپلز پارٹی ورکرز سے تعلق رکھنے والی ناہید خان کے اختلافات بھی شادی کے پر مسرت موقع پر حل نہ ہو سکے 6سال قبل اپنی نئی سیاسی جماعت کا سورج طلوع کرنے والی ناہید خان آ ج بھی بے نظیر بھٹو جیسے عظیم لیڈر کو کھونے پر آبدیدہ تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو کی وفات کے وقت آخری لمحات میں ان کے ساتھ گاڑی میں موجود ناہید خان اور ان کے شوہر ڈاکٹر صفدر عباسی کوبختاور بھٹو کی شادی کا دعوت نامہ نہیں دیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ ان کے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے سخت اختلافات بتائے جاتے ہیں۔ناہید خان کا شمار بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں بھی ہوتا ہے جو ان کے تمام تر سیاسی سفر میں بطور پرسنل سیکریٹری خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔بے نظیر بھٹو کی وفات کے بعد پارٹی میں پرانے کارکنوں کو نظر انداز کیے جانے کے سبب ان کی جا نب سے پیپلز پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر لی گئی تھی بعد ازاں 2014میں ان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں پر مشتمل نئی سیاسی جماعت ”پیپلز پارٹی ورکرز“ بنائی گئی تھی جس کے پلیٹ فارم سے حالیہ دنوں وہ سندھ کے مختلف شہروں میں سیاسی سرگرمیاں سر انجام دے رہی ہیں۔یاد رہے بختاور بھٹو کی شادی کا دعوت بے نظیر بھٹو کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے اہلخانہ کو بھی نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ دونوں فریقین کے مابین سخت اختلافات بتائے جاتے ہیں۔