آپ کے ووٹ پرکسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دوں گا،بلاول بھٹو
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ میں کسی کوآپ کے ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا، پندرہ نومبر تک میں آپ کے درمیان ہوں، 15نومبر کو ہم مل کر جیت کا جشن منائیں گے۔بیروزگاری کے مسئلے کا حل صرف پی پی پی کے پاس ہے، آج پیپلزپارٹی کی نئی نسل کی جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسکردو میں پیپلزیوتھ آرگنائزیشن آفس کے افتتاح کے موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی وائی او کا قیام شہید محترمہ نے کیا تھا، ملک میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، آج کے نوجوانوں کوجمہوری راستہ دکھانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، بے روزگاری کے مسئلے کا حل صرف پی پی پی کے پاس ہے، اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ مہدی شاہ کوبابائے روزگار قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا اپنے سابقہ دور میں مہدی شاہ نے صوبے کے پچیس ہزار نوجوانوں کو روزگار دیا تھا، آج اسکردو کے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اچھا روزگار چاہتے ہوتو سید مہدی شاہ کو منتخب کریں۔بعد ازاں اسکردو میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسکردو کے نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کریقین ہوگیا کہ جیت صرف تیر، بی بی شہیداور ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ہوگی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس علاقے سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، بینظیربھٹو نے یہاں کے عوام کوحقوق دیئے جبکہ آصف زرداری نے جی بی کو شناخت اور نام دلایا۔بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں ڈاکٹر ادیب رضوی کے ساتھ مل کر ایس آئی یو ٹی جیسا ادارہ بنایا ،جہاں مفت علاج کیا جاتا ہے، چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان میں بھی مفت علاج کے اسپتال بنائیں، پیپلزپارٹی تھر جیسے ریگستان سے پاورپلانٹ کھڑا کرسکتی ہے تو آپ کے منصوبوں کو بھی مکمل کرسکتی ہے، یہ الیکشن حکمرانی کا نہیں آپ کے مستقبل کا سوال ہے، آپ نے اپنا مستقبل سنوارنے کے لئے بلاول بھٹو کو کامیاب کرانا ہوگا۔