میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کشمیر پر بھارتی قبضے کے 70سال مکمل، دنیا بھر میں یوم سیاہ، مقبوضہ وادی میں ہڑتال، انڈیا مخالف ریلیاں

کشمیر پر بھارتی قبضے کے 70سال مکمل، دنیا بھر میں یوم سیاہ، مقبوضہ وادی میں ہڑتال، انڈیا مخالف ریلیاں

ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

سری نگر/ اسلام آباد (بیورو / نیوز ایجنسیاں) کشمیر پر بھارت کے 70سال سے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں نے دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایا۔جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی۔ بھارت مخالف ریلیاں روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمرفاروق، سید علی گیلانی، یسین ملک سمیت پوری حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کردیا اور انہیں نماز جمعہ میں بھی شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارک وطن اپنی سرزمین پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا یا۔ اس سلسلے میں ریلیاں، جلسے جلوس اور احتجاج کیاگیا ،جبکہ سب سے بڑا مظاہرہ آزاد کشمیر کے صدر مقام مظفر آباد میں ہوا۔ 70 سال گزرنے کے باوجود کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے اور ان کی جدوجہد آزادی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ بھارت کا ہر ظلم ان کے جذبہ حریت کو مزید بھڑکا دیتا ہے اور ہر سال سیکڑوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آزادی کی شمع کو روشن رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ 1947 میں تقسیم برصغیر کے وقت کشمیری عوام نے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے باعث پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا، لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کرلیا ۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج جموں و کشمیر میں داخل ہوگئی اور بڑے پیمانے پر کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کشمیریوں کوان کی قربانیوں اورجدوجہد پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بھارتی جبرواستبداد کشمیریوں کوان کے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کشمیرمیں یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کوقربانیوں اورجدوجہد کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، 27 اکتوبر1947 کوبھارتی فورسز نے جموں وکشمیرپرزبردستی قبضہ کیا ،جبکہ متعدد بھارتی رہنماؤں کے وعدوں کے برعکس بھارت کشمیریوں کوان کاحق نہیں دے رہا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کشمیری میں انسانیت سوزمظالم کی دنیامیں مثال نہیں ملتی، بھارتی جبرواستبداد کشمیریوں کوان کے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا، جبکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضہ کرکے بین الاقوامی قوانین کے تمام معاہدوں کو پس پشت ڈال دیا۔کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت گزشتہ 70 سال سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے اور عوام کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرکے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا لیکن بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرکے تمام بین الاقوامی قوانین کے معاہدوں کو پس پشت ڈال دیا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا ہوگا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں