پی ٹی آئی کا احتجاج ، پنڈی میںرینجرز طلب،دفعہ 144 نافذ
شیئر کریں
پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کے بعد راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں دو روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی، محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ڈویڑن میں اسلحہ رکھنے اور نمائش پر بھی دفعہ 144 نافذ ہو گی، صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کو پابندی سے استثنیٰ ہوگا، پابندی کا اطلاق ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہو گا، راولپنڈی ڈویڑن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی، ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کی راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔