میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ 12اکتوبر کو ہوگا

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ 12اکتوبر کو ہوگا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۸ ستمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی 12اکتوبر کے لیے ملتوی کردی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے جن کی جگہ شاہد گوندل ایڈووکیٹ نے عمران خان کی نمائندگی کی، سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل سے سوال کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت کیس کی کیا پوزیشن ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ عدالت نے 11اکتوبر تک معاملے کی سماعت ملتوی کی ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کی کاپی موصول نہیں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر 12اکتوبر تک اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ نہ کیا تو الیکشن کمیشن اپنا حکم جاری کر دے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی 12اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، گزشتہ سماعت پر عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتا ہوں اور آئینی اداروں کی بالادستی پر یقین ہے، میرے وکیل نے جو معافی نامہ جمع کرایا وہی میرا موقف ہے، درخواست گزار اکبر ایس بابر نے 25ستمبر کو ہونے والی سماعت کے دوران عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ایک اور درخواست جمع کرائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے کراچی میں 20ستمبر کو الیکشن کمیشن کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن نواز شریف اور پیپلز پارٹی کا ہے، اکبر ایس بابر نے درخواست میں کہا تھا کہ عمران خان نے غیر مشروط معافی نامہ جمع نہیں کرایا، عمران خان نے پی ٹی آئی کو اپنے تکبر اور”میں "کے سبب داؤ پر لگایا ہے، الیکشن کمیشن نے اسی درخواست پر عمران خان سے جواب طلب کیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں