مہنگی بجلی، ٹیکسز کے خلاف ملک گیر ہڑتال، مختلف شہروں میں مارکیٹیں بند
شیئر کریں
مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال پر آج مختلف شہروں میں احتجاج جاری اور مارکیٹیں بند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ اور مومن آباد میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، جہاں مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کیے گئے ہیں، احتجاج کے سبب علاقے میں دُکانیں بند ہیں۔ سندھ کے بدین سمیت گولارچی ٹنڈو باگو ماتلی تلہار میں بھی کاروباری مراکز بند ہیں۔ اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز میں تاجر دوست اسکیم، بجلی بلوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف مرکزی انجمن تاجران اورتنظیم تاجران پاکستان کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ اسلام آباد میں آبپارہ مرکز، جی نائن کراچی کمپنی سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہیں۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ تاجر دوست ٹیکس اسکیم کا قانون واپس لے۔ اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت نے ظالمانہ ٹیکس کا قانون واپس نہ لیا تو آگے 2 دن کی ہڑتال کا اعلان کر دیں گے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹیکس، بجلی کے بل اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کی کال پر شہر کی بیشتر مارکیٹس میں دُکانیں بند ہیں۔ پنجاب کے شہر ساہیوال میں مہنگائی اوربجلی بلوں کے خلاف تاجروں کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال پر شہر اورگرد و نواح کی تمام مارکیٹیں مکمل بند ہیں۔ ہڑتال میں مرکزی انجمن تاجران، کریانہ اور پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن، مرکزی تنظیم تاجران اور دیگر شامل ہیں۔ صدرکریانہ شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ تمام تاجروں کو 11 بجے صدر چوک میں اکٹھا ہوکر کیمپ میں بیٹھنےکی کال دی ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تاجروں کی احتجاج کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، شہر میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔ صدر انجمن تاجران نے بتایا کہ ہڑتال زائد ٹیکسز کے خلاف کی جا رہی ہے، دیگر ممالک میں تاجروں کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے، پاکستان میں تاجروں پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ صدر انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ زائد ٹیکسز کی وجہ سے تاجر برادری ملک چھوڑ کرجا رہی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ تاجر تنظیمیں آج خیبرپختونخوا میں مکمل ہڑتال کریں گی، آج صوبہ بھر میں تاجر تنظیمیں ریلیاں بھی نکالیں گی اور احتجاجی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے آج (28 اگست) کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا۔ سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ تاجروں کی کل ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں، مزید کہا کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ 16 اگست کو تاجر برادری نے اعلان کیا کہ وہ بھاری ٹیکسز، مہنگی بجلی اور ’تاجر دوست اسکیم‘ کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکز تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے کہا تھا کہ 28 اگست کو ملک بھر کے تاجر مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔ 22 اگست کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی، گیس کے بلوں میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز کے خلاف عوامی مہم چلا رہے ہیں، یہ اقدامات تاجروں کو تباہ کرنے والے ہیں، پہلے مرحلے میں 28 اگست کو مکمل شٹرداؤن ہڑتال کی جائے گی، جس کی کال تاجروں کی بڑی بڑی تنظیموں نے بھی دی ہے۔