ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی ،شہبازشریف
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، ان کے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے،دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، دہشت گردی کی حالیہ لہر میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان بھی شامل ہیں. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں.وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی غلط فہمی ہے کہ یہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے، دہشت گردوں کے خلاف بہت مثر آپریشنز کئے گئے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے.شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا ہے، افواج پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے. انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملک کر دہشت گردی کے عفریت کو ختم کریں گے، دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں.