اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر یلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں ، اب جنگ ہوئی تو آخری ہوگی، کشمیر کی آخری جدوجہد کا وقت آگیا،کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے تو وقت ہمیں معاف نہیں کرے گا ۔وفاقی وزیرشیخ رشید نے کالج کی یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے محلے وقوع، پانی کو ایسے تقسیم کیا گیا ہم مسائل سے نہ نکل سکیں، فیصلہ کشمیریوں کی جدوجہد نے کرنا ہے ، عمران خان کی 27ستمبرکی تقریر اہم ہوگی، ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے زیادہ امید نہیں رکھنی چاہیے ، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر حل نہیں کر رہے ، سلامتی کونسل مسئلہ حل کرنا چاہتی تو رائے شماری ہوچکی ہوتی، اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کشمیریوں کی آواز کے ساتھ آواز ملا کر کھڑا ہونا ہے ،کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے تو وقت ہمیں معاف نہیں کرے گا، ہمارے معاشی، سیاسی، دفاعی مسائل ہیں مگرنوجوان کشمیر کے لئے جیتا مرتا ہے ، 10 محرم کے بعد پھر آزاد کشمیر جائوں گا، پہلی بار کہہ رہا ہوں یہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا، فوج نے جو 23 سال سے تیاری کی اب اس کے استعمال کا وقت آگیا ہے ، فاشسٹ مودی کی راہ میں صرف پاکستان رکاوٹ ہے ۔شیخ رشید نے کہا چاہ بہار جانے کے لئے مودی گوادر کو رکاوٹ سمجھتا ہے ،قائداعظم نے مسلم دشمن سوچ کا پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا، خونخوار مودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آرہی ہے ، جو سوچتے ہیں کہ مذاکرات کی گنجائش ہے وہ بے وقوف ہیں، خوش قسمتی ہے ہمارے ساتھ چین جیسا دوست کھڑا ہے ، کیا عالم اسلام کی زبانیں بند ہوچکی ہیں؟ ، وہ مسلمان جوپٹرول پمپوں پربیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ نہیں، جو مسلمان روڈز پربیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، آج ہمارا میڈیا دنیا میں سب دے زیادہ مضبوط ہے ، نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے ، آج مذاکرات کاوقت نہیں، پاک بھارت میں دس جنگیں ہوچکیں یا ہوتے رہ گئیں اب یہ آخری جنگ ہوگی، ہم تھکے سیاست دان ہیں آخری 5 اوور کا سیاسی میچ کھیل رہے ہیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ لال حویلی کا سری نگر کے لال چوک سے گہرا تعلق ہے ، جہاد کے وقت جو منہ موڑتا ہے ، وہ دوزخ میں جائے گا، کیا ایٹمی ٹیکنالوجی کرائے پر دینے کے لئے رکھی ہے ، ایٹمی ہتھیار شب برات اور دیوالی پر چلانے کے لئے نہیں رکھے ، جنگ ہوئی تو خون کے آخری قطرے آخری گولی تک لڑیں گے ۔