ملک اس وقت کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا، سراج الحق
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ ملک اس وقت کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کے تسلط کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی ۔ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں دیانتدار قیادت موجود ہو،جو کسی کے دبائومیں آئے بغیر قومی سلامتی اور تحفظ کے لیے جرأ ت مندانہ فیصلے کر سکے۔انہوںنے کہاکہ قوم نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کردیاہے اور ہر جگہ پاکستان زندہ باد اور امریکا مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں ۔ قوم نے واضح پیغام دیاہے کہ وہ بھوکے رہ سکتے ہیں ، مگر امریکی بالادستی قبول نہیں کر سکتے ۔ امریکی آلہ کار حکمرانوں نے 70 سال تک قوم کا استحصال کیا اور اسے امریکی غلامی میں دھکیلنے کی کوشش کی گئی، مگر عوا م نے ہمیشہ حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیاہے ۔ نوجوان ملک کی حفاظت کے لیے پرجوش اور پرعزم ہیں ۔ ان خیالات کااظہارمنصورہ میں منعقدہ جے آئی یوتھ کے مرکزی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، حافظ سلمان بٹ سمیت ملک بھر سے جے آئی یوتھ کے مرکزی بورڈ کے ارکان نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر ایک استحصالی اور طبقاتی نظام مسلط ہے جس کے ذریعے معاشرے کو تقسیم کیا جارہاہے۔اسٹیٹس کو نے نوجوانوں کو سخت مایوس کیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے روزگار کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں، مگر کسی کو نوکری نہیں ملتی۔انہوںنے کہاکہ غربت،مہنگائی بے روزگاری اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ حکمرانوں کے تحفے ہیں۔