میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آصف زرداری ، بلاول ، عرب شہزادہ شیخ حماد سندھ کا پانی پی گئے

آصف زرداری ، بلاول ، عرب شہزادہ شیخ حماد سندھ کا پانی پی گئے

ویب ڈیسک
پیر, ۲۸ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ : علی کیریو)پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری ،عرب بادشاہ شیخ حماد بن زید النہیان، صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال،مخدوم خلیق الزمان ،آئی ٹی وزیر تیمور تالپور، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو ، فضل اللہ پیچوہو، ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری اور دیگر بااثر وڈیروں نے 6سال کے دوران سیکڑوں واٹر کورس منظور کروا کے اپنی لاکھوں ایکڑ زمین آباد کردی ہے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی کے دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ سال 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد سال 2014 تک محکمہ آبپاشی نے حکمران جماعت کے وزیروں ، ایم پی ایز اور ایم این ایز کی زمینوں کے لئے خاص واٹر کورس منظور کیے، دستاویز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ حماد بن زید النہیان کی میرپورخاص کے علاقے بیلھاڑو میں زمین موجود ہے اور ان کی زمین کا پانی بیلھاڑو ڈسٹری برانچ سے منتقل کرکے جمڑائو کینال پر منتقل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کراچی میں متحدہ عرب امارا ت کے قونصل خانے کی درخواست پر ضلع ٹھٹہ میں واٹر کورس منظور کیا گیا، مٹھڑائو کینال سے آصف علی کی زمین کے لیے خاص آئوٹ منظور کیا گیا، جمڑائو کینال سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ پیچوہو کی زمین آباد کرنے کے لیے خاص آئوٹ لیٹ کی منظوری دی گئی، میرپوخاص میں میر مائنر سے اقلیتی امور کے وزیر ہری رام کشوری لال کی زمین کے لئے علحدہ آئوٹ لیٹ کی منظوری دی گئی،بلاول بھٹو زرداری کے اٹارنی ریاض احمد پھلپوٹو کے نام علحدہ آئوٹ لیٹ منظور کیا گیا، نوابشاہ ڈسٹری سے مخدوم جمیل الزمان کے چچا اور سابق ایم این اے مخدوم خلیق الزمان کی زمین کے لئے خصوصی آئوٹ لیٹ کی منظوری دی گئی، جمڑائو کینال سے وزیر آئی ٹی تیمور تالپور کے والد ایم این اے نواب یوسف تالپور کی زمین کے خاص آئوٹ لیٹ کی منظوری دی گئی، سابق پی پی ایم این اے پیر آفتاب شاہ جیلانی کے بیٹے قاسم علی شاہ کی زمین کے لئے میرپوخاص ڈسٹری سے علحدہ آئوٹ لیٹ منظور کیا گیا، خیر شاہ مائنر سے حاجی علی حسن زرداری کی زمین کے لئے پائپ منظور کیا گیا، سانگھڑ میں آصف زرداری کے بہنوئی اور سابق سیکریٹری فضل اللہ پیچوہو کی زمین کے لئے عبدالعالم پیچوہو کے نام پر واٹر کورس کی منظوری دی گئی،کشمور میں پی پی ایم پی اے میر عابد سندرانی کی زمین کے لئے نیا واٹر کورس منظور کیا گیا، نوڈیرو شوگر اور زمین آباد کرنے کے لئے 0.5 کیوسک پانی منظور ہوا، دادو میں سابق صوبائی وزیر پیر مظہر الحق کی رہائشگاہ کے باغیچے کے لئے ایم پی اے پیر مجیب الحق کے نام پرپائپ منظور کیا گیا، سجاول مائنر سے محمد اسلام زرداری کے لئے واٹر کورس منظور ہوا، اوڈیانو ڈسٹری اور سرہاری کے قریب ایک شاخ سے ابو بکر زرداری کی زمین کے لئے 2 علحدہ آئوٹ لیٹس کی منظوری دی گئی، پھلیلی کینال سے انصاری شوگر ملر کے لئے 2 کیوسک پانی منظور ہوا، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیٹے ایم پی اے حسنین مرزا کی زمین کے لئے بھی سپلیمنٹری پائپ لائن منظور کیا گیا،شکارپور میں پی پی ایم این اے اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی، سلیم رضا زرداری، رئیس الہداد خان عرف پوڑھو زرداری، علی بخش زرداری، بدین میں سابق ضلع ناظم کمال خان چانگ، سانگھڑ میں فنکشنل لیگ رہنما خدا بخش درس، سابق سیکریٹری غلام علی شاہ پاشا،سانگھڑ میں پی پی شاہد خان تھیم کے والد عبدالسلام تھیم، سانگھڑ میں پی پی رہنما سرفراز راجڑ، پی پی ایم پی اے جام شبیر علی کے چچا جام حیدر علی، میر محمد زرداری،نوابشاہ میں سابق پی پی ایم پی اے سلیم رضاجلبانی، پی پی ایم پی اے پروین قائمخانی، ٹنڈو الہیار میں پی پی ایم پی اے ضیا ء عباس شاہ رضوی،سابق ایم پی اے عبدالحق بھرٹ، میر حاجی حیات تالپور، جیکب آباد میں سردار صلاح شہلیانی، پی پی ایم پی اے نعیم احمد کھرل، سانگھڑ میںصوبائی وزیر فراز ڈیرو کے چچا اور سابق سینیٹر فدا حسین ڈیرو، صوبائی وزیر میر شبیر بجارانی کے چچا اور سابق ایم پی اے سردار محبوب علی بجارانی نے بھی اپنی زمینیں آباد کرنے کے لئے کینالز اور برانچز سے علیحدہ واٹر کورس اور آئوٹ لیٹ منظور کروائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں