میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ صحت ،سندھ کے6 اسپتالوں میں اسکیم کی رقم خرچ کرنے میں ناکام

محکمہ صحت ،سندھ کے6 اسپتالوں میں اسکیم کی رقم خرچ کرنے میں ناکام

ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

( رپورٹ مسرور کھوڑو ) محکمہ خزانہ سندھ نے کراچی سول اسپتال، اورنگی ٹائون قطر اسپتال سمیت 6اسپتالوں کیلئے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی دوران کروڑں روپے جاری کئے لیکن محکمہ صحت سندھ اسپتالوں میں رقم خرچ کرنے اور ترقیاتی کام کروانے میں ناکام ہوگیا، اسپتالوں کی بہتری میں مزید تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی اورنگی ٹائون میں قطر اسپتا ل کو مزید بہتر کرنے کی اسکیم منظور کی گئی،اسکیم رواں برس مکمل ہونی ہے اور اسکیم کیلئے محکمہ خزانہ سندھ نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں28 کروڑ 70 لاکھ روپے کی خطیر رقم جاری کی لیکن محکمہ صحت سندھ رقم میں صرف 20 لاکھ روپے خرچ کرسکا ہے، اسکیم پر بجٹ خرچ نہ ہونے کے باعث خدشہ ہے کہ قطر اسپتال اورنگی ٹاون کی بہتری وقت پر ممکن نہیں ہوسکے گی۔ سول اسپتال کراچی میں گودام بنانے کیلئے اسکیم کی منظوری دی گئی جس کے بعد محکمہ خزانہ سندھ نے ایک کروڑ25 لاکھ روپے جاری کئے جبکہ محکمہ صحت سندھ کی نااہلی کے باعث خرچ نہیں ہو سکی، گودام کی تعمیر میں تاخیر کاخدشہ ہے۔ گلشن اقبال میں نیپا پر قائم سندھ انفیکشن ڈیزیز کنٹرول اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کی مزید بہتری کیلئے محکمہ خزانہ سندھ نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں 16کروڑ 50لاکھ 8ہزار روپے جاری کئے لیکن محکمہ صحت نے لاپرواہی کا مظاہرہ کر کہ اسپتال کی بہتری، سنگین بیماریوں کے انفیکشن میں مبتلا مریضوں اور ریسرچ کے لئے ایک بھی روپے خرچ نہیں کیا۔رواں مالی سال میں بلدیہ ٹائون میں کارڈک ایمرجنسی سینٹر کے قیام کیلئے اسکیم منظور کی گئی جس کے لئے محکمہ خزانہ سندھ نے مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں 19کروڑ 62لاکھ ایک ہزار روپے جاری کئے جبکہ محکمہ صحت سندھ جاری کی گئی بجٹ میں سے 2کروڑ 90لاکھ 27ہزار روپے خرچ کر سکا۔سائٹ ٹائون کے علاقے مومن آباد میں 2سو بیڈز پرمشتمل اسپتال تعمیر کرانے کیلئے اسکیم منظور کی گئی، جس کیلئے محکمہ خزانہ سندھ نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں 27کروڑ31 لاکھ 39ہزار روپے جاری کئے، لیکن محکمہ صحت اسکیم پرایک کروڑ 33لاکھ 63ہزار روپے خرچ کر سکا، جس کی وجہ سے اسپتال کی تعمیر میں پیش رفت نہیں ہوسکی۔ پی آئی بی کالونی میں 100بیڈز پر مشتمل اسپتال بنانے کی اسکیم منظورکی گئی جس کیلئے محکمہ خزانہ نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں7کروڑ 95لاکھ 52ہراز روپے جاری کئے لیکن محکمہ صحت سندھ اسکیم پر ایک روپے بھی خرچ نہیں کرسکا ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ کی نااہلی کے باعث اسپتال کے تعمیراتی کام مکمل وقت پر نہیں ہونے کا خدشہ ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں