لیاری میں کھلونا پستول بیچنے والوں کیخلاف کارروائی2افراد گرفتار
شیئر کریں
پولیس نے لیاری میں کھلونا پستول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز و پولیس کے جوانوں نے قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر شہر قائد کے علاقے لیاری کو گینگ وار سے آزاد کرایا ہے لیکن نقلی اسلحہ فروخت کرنے والوں کی وجہ سے عید کے روز لیاری کے بچوں نے کھلونا پستول اٹھالی تھی ۔نجی ٹی وی چینل کی خبر پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو فوری کارروائی کا حکم جاری کیا تھا جس پر انتظامیہ نے لیاری میں نقلی پستول بیچنے والے دکانداروں کے خلاف آپریشن آغاز کیا۔انتظامیہ کی جانب سے لیاری کی جھٹ پٹ مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرکے بڑی تعداد میں کھلونا پستول و دیگر ہتھیار برآمد کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے سندھ حکومت کی پابندی کے باوجود کھلونا پستول فروخت کرنے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔