طیارہ حادثے میں 20گھر، 24گاڑیاں تباہ ہوئیں، سروے رپورٹ
شیئر کریں
22 مئی کو ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں ہونے والے طیارہ حادثے سے نقصانات کے حوالے سے شہری انتظامیہ کی جانب سے جاری حتمی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے سے 18 گھر جزوی طور پر اور 2 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حادثے سے ہونے والے مالی نقصانات کا پورا ازالہ کرنے کی ذمہ داری اٹھالی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی تشکیل کردہ ایک کمیٹی نے اپنا سروے مکمل کیا اور رپورٹ پیش کی جس میں تجویز دی گئی کہ اس حادثے میں 120 مربع گز کے دو مکانات کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ اس واقعے میں دیگر 18 مکانات کے ڈھانچے کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ایک ذرائع نے اس رپورٹ کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کی زد میں آنے والی گلی میں کل 20مکانات ہیں جن میں سے دو مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور زمین بوس ہو گئے ہیں اور انہیں تعمیر نو کی ضرورت ہے جبکہ دیگر 18 مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور زیادہ تر کیسز میں مکانات کے بالائی حصوں کو نقصان پہنچا جہاں ان کے کنکریٹ کے ڈھانچے کو طیارے نے نشانہ بنایا تاہم خوش قسمتی سے ان کے ڈھانچے زیادہ تر برقرار تھے۔انہوں نے کہا کہ دیگر نقصانات میں طیارے کے حادثے کے باعث ہونے والی آتشزدگی کا شکار بننے والے ملبے کی وجہ سے کل 10 کاریں اور 14 موٹر سائیکل متاثر ہوئیں اور وہ تمام تقریبا تباہ ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑیاں گلی میں یا گھروں کے اندر کھڑی تھیں جس کی تفصیلات کو ٹیم نے رپورٹ مرتب کرتے ہوئے مدنظر رکھا ہے۔دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسمعیل نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو واضح احکامات دیے ہیں کہ ماڈل کالونی میں تمام متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا جائیگا۔