منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام، فرح خان ودیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری
شیئر کریں
قومی احتساب بیورو (نیب ) نے سابق خاتون اول بشری کی قریبی سہیلی فرحت شہزادی المعروف فرح خان اور دیگر کے خلاف نا جائز ذرائع سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، منی لانڈرنگ اور مختلف کاروبار کے نام پر کئی اکاؤنٹس رکھنے کے الزامات کی انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالہ سے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملہ کی قانون کے مطابق انکوائری کریں۔ نیب اعلامیہ کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران مذکورہ خاتون کے اکاؤنٹ میں 847 ملین روپے جمع کرائے گئے ہیں جو کہ اس کے اکاؤنٹ کی ابتدائی معلومات سے متضاد ہیں، یہ رقوم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی اور تھوڑے عرصہ کے بعد فوری طور پر نکلوا لی گئیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرحت شہزادی المعروف فرح خان پر غیر قانونی طریقہ سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے میں ملوث ہونے کا الزام ہے جبکہ مذکورہ خاتون کے انکم ٹیکس ریٹرن کے جائزہ کے بعد یہ مبینہ طور پر دیکھا گیا ہے کہ 2018 سے اب تک اس کے اثاثوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں اس نے مسلسل غیر ملکی دورے کیے ہیں، وہ 9 بار امریکہ اور 6 بار متحدہ عرب امارات گئیں۔