فردوس عاشق اعوان فارغ ،شبلی فراز وزیر اطلاعات ، لیفٹیننٹ (ر) عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی مقرر
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات اور لیفٹیننٹ (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کر دیا گیا ۔ پیر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوش عاشق اعوان سے عہدہ واپس لے لیا گیا۔فردوس عاشق اعوان کی جگہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا نیا معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے ۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے ذریعے وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ مل کر ایک بہترین ٹیم بنائیں گے ۔ سر کاری ٹی وی نے بھی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات تعینات کر نے کی بھی تصدیق کر دی ۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد فواد چوہدری کو ہی وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان ملا تھا تاہم بعد میں ان سے یہ وزارت واپس لے کر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات بنادیا گیا تھا۔ اب اس تبدیلی کا سب سے پہلے اعلان فواد چوہدری کی جانب سے کیا گیا جو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سے قبل وزیر اطلاعات بھی رہ چکے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو اگست 2018 میں سینیٹ میں قائدِ ایوان مقرر کیا تھا۔وہ شبلی فراز 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے ۔شبلی فراز ایوان بالا میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اور تجارت اور قائمہ کمیٹی برائے گردشی قرضہ کے چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔شبلی فراز پاکستان کے معروف شاعر فراز احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ریٹائرمنٹ سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، ڈی جی آرمز اور کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے ۔اسی بنا پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو میڈیا امور دیکھنے کا خاصہ تجربہ ہے ۔ یا د رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے انہیں پاک۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرپرسن مقرر کردیا تھا۔