ایم کیو ایم لندن ٹارگٹ کلر ،واحد حسین نے جے آئی ٹی کے سامنے راز اْگل دیے
شیئر کریں
ایم کیو ایم لندن کے کارندے واحد حسین نے جے آئی ٹی کے سامنے مزید سنسنی خیز انکشافات کر دیے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے کہا ہے کہ گرفتار ایم کیو ایم لندن کے کارندے واحد حسین عرف سوداگر سے تحقیقات میں عارف آجاکیا اور سلیم بیلجیئم کے سلسلے میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے اس کے ساتھ پہلا سیشن مکمل کر لیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم واحد حسین نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا کہ عارف ایم کیو ایم لندن کا بیلجیئم میں اہم کارندہ ہے، عارف لوگوں کو ایم کیو ایم کا کارکن ظاہر کر کے جعلی دستاویزات تیار کرواتا تھا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ عارف رقم دے کر یورپی پارلیمنٹ کے باہر پاکستان مخالف احتجاج کراتا تھا۔واحد حسین نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا کہ سلیم بیلجیئم کا رْکن ہے، وہ پہلے نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلاتا تھا، حوالہ ہنڈی سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے رقم بھی بھیجا کرتا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق سلیم بیلجیئم کے بھارتی کاروباری شخصیات سے تعلقات ہیں، جن میں دہلی کی کاروباری شخصیت سنجے بھی شامل ہے۔ واحد حسین نے انکشاف کیا کہ سلیم بیلجیئم نے عارف کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ملک مخالف مظاہرہ کروایا۔ملزم نے بتایا کہ ایم کیو ایم گلستان جوہر آفس میں بم دھماکا سلیم بیلجیئم گروپ سے ہی کروایا گیا تھا، جس کے لیے بھاری رقم دی گئی تھی، تاہم ایم کیو ایم لندن قیادت اس حملے سے ناخوش تھی، گلستان جوہر دھماکے میں کوئی مشہور شخصیت نہیں ماری گئی تھی۔سی ٹی ڈی کے مطابق سلیم بیلجیئم کی ٹیم کے ذریعے گلبہار میں پی ایس پی کے دفتر پر بھی حملہ کروایا گیا تھا، نیو کراچی متحدہ دفتر پر بھی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ سلیم بیلجیئم گروپ ہی نے کروایا تھا۔ملزم واحد حسین ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد سلیم بیلجیئم کا قریبی ساتھی ہے، وہ سلیم بیلجیئم کے احکامات پر دہشت گردی کرتا تھا، وہ آپریشنل چیف کے طور پر کام کرتا رہا، اور سلیم بیلجیئم یورپ سے پاکستان مخالف سرگرمیاں انجام دیتا رہا، سلیم نے بانی ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر جائیدادیں بھی بنا رکھی ہیں۔واحد حسین نے اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم لندن کے دہشت گردوں کو ہتھیار اورگولہ بارود فراہم کیا، دہشت گردی کی کارروائیوں کے شواہد مٹانے کی ذمہ داریاں نبھائیں، کارروائیوں کے لیے ہتھیار پہنچانے اور چھپانے کا کام کرتا رہا، جب کہ سلیم بیلجیئم یورپ سے ٹارگٹ کلرز کی ٹیموں کو لیڈ کرتا رہا، سلیم دہشت گردوں سے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے رابطہ کرتا ہے۔واحد حسین نے بتایا کہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنے پر انعامات سے نوازا جاتا ہے، سلیم نے 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد کانفرنس پر بم حملہ کرایا، میلاد میں خواجہ اظہار، عامر خان، فیصل سبزواری کو نشانہ بنایا گیا، سلیم بیلجیئم کے حکم پر 23 دسمبر 2018 کو پی ایس پی پر حملہ کیا، جس میں کارکن نعیم ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔ملزم نے مزید بتایا کہ سلیم بیلجیئم یورپ میں غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے، اس نے کاپی رائٹس اور منی لانڈرنگ کی، ہوائی جہازوں کے جعلی ٹکٹ بھی فروخت کرتا رہا، حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل بھی کرتا رہا۔