جماعت اسلامی کاوزیر اعلیٰ مراد شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
شیئر کریں
کراچی مسائل کا حل صوبائی یا وفاقی کنٹرول نہیں، بااختیار کراچی سٹی گورنمنٹ ہے، حافظ نعیم
یکم فروری کو شاہراہ فیصل پر جینے دو کراچی مارچ کیا جائے گا، پریس کانفرنس سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے منگل کے روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل صوبائی کنٹرول میں ہے اور نہ وفاقی کنٹرول میں بلکہ آئین کے مطابق بااختیار کراچی سٹی گورنمنٹ ہی واحد حل ہے۔ جس کے ماتحت تمام ادارے ہوں، ایک بار پھر کہتے ہیں کہ وزیر اعلی مراد شاہ کا اب کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا ہے،انہیں فی الفور مستعفی ہوجانا چاہیے،بلاول بھٹو دنیا بھر میں پھرتے ہیں اور ہمیں بتاتے ہیں کہ ان کا مزاج نیویارک اور لندن وغیرہ سے ملتا ہے، انہیں پتہ ہے کہ استنبول کی بلدیاتی حکومت کے اختیار میں ماسٹر پلان،فائر بریگیڈ،تعمیر ات،ٹرانسپورٹ،سیوریج،پانی، فلڈپلانٹس،تعلیم،روزگار،قرضے جاری کرنا، لوگوں کی فلاح وبہبود ہے، اسے کہتے ہیں بلدیاتی حکومت، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے تو سارے اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے،عوام کے ووٹوں کی توہین کرکے قبضہ نظام نہیں چل سکتا،کراچی کا اختیار صرف کراچی کے شہریوں کے پاس ہونا چاہیے،آج عوام سندھ حکومت سے نالاں ہیں، کل وفاق کے خلاف آواز اٹھائیں گے،دنیا کے تمام بڑے شہروں میں بااختیار بلدیاتی نظام کامیاب ہے،لندن اور نیویارک مغرب میں، تہران اور استنبول مسلم دنیا میں کامیاب مثالیں ہیں،کراچی کے شہری آج بھی 2001 تا 2005 کے دور کو سنہری دور کہتے ہیں،نعمت اللہ خان کی قیادت میں سٹی گورنمنٹ نے کراچی کو درست سمت دی،کراچی کے مسائل کا حل مقامی بااختیار حکومت کے بغیر ممکن نہیں،اہلِ کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو منتخب کیا مگر دھاندلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کا میٔر مسلط کیا گیا۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑے گی۔ جماعت اسلامی یکم فروری کو شاہراہ فیصل پر ”جینے دو کراچی کو” کے عنوان سے عظیم الشان مارچ منعقد کرے گی۔ٹرمپ کی پالیسیاں کاروباری اور جنگی ہیں۔ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد بورڈ آف پیس کو مسترد اور پاکستان کی شرکت قبول نہیں کرتے،ٹرمپ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ امریکہ کی غلامی پاکستان کو پہلے بھی ڈیڑھ سو بلین ڈالر کا نقصان دے چکی ہے اور اب دوبارہ اسی راستے پر چلنا قومی مفادات کے خلاف ہے۔


