میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جعلی ادویہ سازوں کا لاڈلا بریف کیس کھلاڑی’’چیف ڈرگ انسپکٹر ‘‘ کے منصب سے فارغ

جعلی ادویہ سازوں کا لاڈلا بریف کیس کھلاڑی’’چیف ڈرگ انسپکٹر ‘‘ کے منصب سے فارغ

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۵ فروری ۲۰۱۹

شیئر کریں

بدنام زمانہ ڈرگ انسپکٹرعدنان رضوی کو چیف ڈرگ انسپکٹر کے منصب سے فارغ کردیا گیا ہے ، واضح رہے کہ عدنان رضوی کے جعلی اورغیر معیاری ادویہ ساز اداروں اور دوا فروشوں کے ساتھ گہرے اور فائدہ مند روابط کا پردہ روزنامہ جرأت نے چاک کیا تھا۔ عدنان رضوی کراچی میں کچھی گلی سے لے کر حید رآباد تک پھیلے ہوئے جعلی ادویات بنانے والوں کے مبینہ طور پر سرپرست ہیں اور بڑی فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے ادویات کے خام مال کی درآمد میں ہونے والی ہیر پھیر اور اس کے نام پر جاری منی لانڈرنگ کے عمل کی پردہ پوشی کے مرتکب ہیں۔ ادویہ سازی سے لے کر ادویہ فروشی تک ساری سرگرمیوں کو شفاف رکھنے کے عمل کی نگرانی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی بنیادی ذمے داریوں میں شامل ہے۔
براہ راست انسانی زندگیوں سے جڑے ادویہ سازی کے اس عمل کو دنیا بھر میں انتہائی باریک بینی سے دیکھا جاتا ہے، مگر پاکستان میں قومی اور کثیر القومی ادویہ ساز کمپنیوں کو ہر قسم کی چھوٹ حاصل ہے، یہ ادارے خام مال کی درآمد میں منی لانڈرنگ اور ادویہ سازی کے عمل کے دوران غیر معیاری سرگرمیوں اور جعل سازی کے مرتکب ہیں۔ چیف ڈرگ انسپکٹر کے طور پر عدنان رضوی نے اس سارے عمل کی سفاکانہ سرپرستی کی اورادویہ سازوں سے لے کر ادویہ فروشوں تک جو بھی بدعنوانی کا مرتکب تھا اس کو ہر طرح کا تحفظ دیا، یہاں تک کہ مختلف چھاپوں میں پکڑی جانے والی ادویات کے مقدمات کی ڈرگ کورٹ میں سماعت کو سست کیا ۔ اس دوران شواہد اور ثبوتوں کو تبدیل کیا جاتا رہا ، گواہ غائب کیے جاتے رہے اور گرفتار ملزمان فرار ہوتے رہے۔ جرأت کے پاس موجو دناقابل تردید اور قانونی ثبوتوں کی روشنی میںیہ ثابت کیا جاسکتا ہے کہ زر پرستی کا یہ پورا کھیل عدنان رضوی کی سرپرستی میں جاری رہا۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق کچھی گلی میں جعلی ادویہ سازی کے عمل کی بھی سرپرستی عدنان رضوی کرتے رہے۔
عدنان رضوی کی چیف ڈرگ انسپکٹر کے منصب سے بر طرفی کو صحت کے شعبوں میں انتہائی تحسین کی نگاہوں سے دیکھا جا رہا ہے اور اس برطرفی کو بارش کا پہلا قطرہ قرارر دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ کی حیثیت سے عدنان رضوی سیا ہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کرنے میں بھی ملوث ہیں۔
حال ہی میں عدنان رضوی نے ’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘ کے مصداق ایک کثیر القومی کمپنی کی جعلی دوا پکڑنے پر متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو شاباشی کے بجائے سرزنش کی اور مذکورہ کمپنی کو دباؤ میں لیتے رہے۔ بطور ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری عدنان رضوی کی جعل سازیوں کو بھی جلد ہی بمعہ ثبوت ان صفحات پر شائع کیا جائے گا۔ باخبر ذرائع کے مطابق عدنان رضوی کو چیف ڈرگ انسپکٹر کے منصب سے ہٹانے پر سندھ بھر میں جعلی ادویہ سازوں اور ادویہ فروشوں کی مافیا میں ایک ہل چل پیدا ہوئی ہے ، اس حوالے سے رات گئے اس مافیا کے مختلف ہرکارے آپس میں مل کر اپنی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کرتے رہے۔ جرأت ہیلتھ ڈیسک کے ذمے داران ان ساری سرگرمیوں پر اپنی نگاہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں اور اپنے قارئین کو باخبر کرتے رہیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں