مجھے قتل کرانے کے لیے منصوبہ بن گیا، آصف زرداری نے دہشت گرد تنظیم کو پیسے دے دیے، عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پلان اے اور بی کی ناکامی کے بعد پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہے، اس کے تحت آصف علی زرداری نے مجھے راستے سے ہٹانے کے لیے دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے جس میں طاقت ور لوگ سہولت کار ہیں، میں نے جو پہلے چار نام دیے تھے اس میں اب آصف زرداری کا نام بھی شامل ہو گیا ہے، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، میں نے تو باہر نکلنا ہے، مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتہ ہونا چاہیے کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا، میری قوم ان کو معاف نہ کرے تاکہ یہ زندگی کو انجوائے نہ کر سکیں، اس وقت ساری قوم کی امیدوں کا مرکز اعلیٰ عدلیہ ہے، آپ آئین اور ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کریں، سات سے آٹھ ماہ میں بہت سے لوگ بے نقاب ہوئے ہیں،عوام سے کہتا ہوں آپ حقیقی آزادی کی حتمی جنگ کے لیے تیار رہیں، میں جب تک زندہ ہوں ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا اور آخری گیند اور آخری سانس تک ان سے لڑوں گا، ملک معاشی طور پر جس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ اب قومی سلامتی کو خطرات لا حق ہو گئے ہیں، جو ہمیں بیل آؤٹ کریں گے وہ قیمت مانگیں گے، سری لنکا کو کہہ دیا گیا ہے کہ اپنی پچاس فیصد فوج کم کرو، مصر سے کہا گیا ہے کہ اپنی فوج کے اخراجات کم کرو ،اس حکومت نے مزید 400ارب روپے ٹیکسز لگانے ہیں جو مہنگائی پیدا کریں گے۔ پیٹرول ، ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں بڑھانی ہیں جس سے عام آدمی متاثر ہوگا، ملک کی سکیورٹی کی ہر اس پاکستانی کو فکر ہے جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہے جن کا اسٹیک پاکستان میں نہیں انہیں کوئی فکر نہیں۔ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن سے ایک دفعہ ہماری معیشت ہل گئی ہے، میں نے کہا تھا کہ سیاسی استحکام چلا گیا تو اسے کوئی سنبھال نہیں سکے گا، جو تیس سال سے حکومتیں کر رہے ہیں، جن کی وجہ سے سارے مسائل جن کے دور میں مسائل بڑھے وہ ملک کو نہیں سنبھال سکتے۔