بہار کالونی ،جمشید روڈ،بلند و بالا غیر قانونی تعمیرات بلا روک ٹوک جاری
شیئر کریں
ایس بی سی اے کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے،عملہ خاموش تماشائی بن گیا
عمارتوں کی تعمیر سے نکاسی آب، روشنی،ہوا کے مسائل جنم لے رہے ہیں،علاقہ مکین
کراچی کے علاقے بہار کالونی، جمشید روڈ کے اطراف میں تنگ گلیوں کے درمیان بلند و بالا غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے، جس پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق بہار کالونی میں طویل عرصے سے غیر قانونی تعمیرات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متعلقہ ادارہ اس صورتحال پر مکمل طور پر خاموش ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پلاٹ نمبر 184سابقہ پلاٹ نمبر 28/3) اور پلاٹ نمبر 185سابقہ پلاٹ نمبر 28/4) پر قوانین و ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں، جو کسی بھی ممکنہ حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تنگ گلیوں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر سے نہ صرف نکاسی آب، روشنی اور ہوا کے مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ کسی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں کی رسائی بھی ناممکن ہو سکتی ہے۔مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے، جس سے بلڈرز کو مزید حوصلہ مل رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے اعلی حکام، کمشنر کراچی اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور علاقے میں جاری غیر قانونی عمارتوں کو قانون کے مطابق مسمار کیا جائے۔


