شہیدبینظیر بھٹو کی 17ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
شیئر کریں
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر ان کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کیلئے پائیدار میراث کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی جرات، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کیلئے امید کی علامت تھی جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی۔ جاری بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں، مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے،ہم ان کے انسانی آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور پاکستان کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے صدر آصف علی زرداری نوڈیرو ہائوس پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری سکھر ایئر پورٹ سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے نوڈیرو ہائوس پہنچے ۔صدر آصف علی زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بی بی کی شخصیت امید، استقامت، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی۔ جاری بیان میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ شہید بی بی ہم سب کیلئے مشعل راہ تھیں، انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی۔