میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعدٹیکسزمیں اضافہ نہیں ہوگا،شوکت ترین

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعدٹیکسزمیں اضافہ نہیں ہوگا،شوکت ترین

ویب ڈیسک
هفته, ۲۷ نومبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، استثنیٰ ختم، ٹیکسز نہیں بڑھائیں گے، آئی ایم ایف ٹیکسز لگانا چاہتا تھا مگر ہم نے انکار کر دیا، اگر ہم ری فنانس نہیں دیں گے تو کچھ اور کرنا پڑے گا، روپے کی قدر بہتر ہونے سے سٹہ بازوں کو بہت مار پڑے گی۔وہ جمعہ کو سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی)ہائوس میں پہلے پروفیشنل کلیئرنگ ممبر (PCM)کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔شوکت ترین نے کہا کہ پی سی ایم کا افتتاح پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں تاریخی کامیابی ہے۔ اس موقع پرمشیرِ خزانہ شوکت ترین نے کہاکہ کاروبار کو آسان بنانا اور کاروبار کرنے میں سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ پروفیشنل کلیئرنگ ممبر، سیکیوریٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کاانتہائی اہم اور بروقت اقدام ہے اور سی ڈی سی نے بہت بہتر طریقے سے اسے رائج ہے۔ ہماری کیپٹل مارکیٹ کیلئے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے کہ ہم ایسے نئے تصورات متعارف کرائیں جو ہماری مارکیٹ میں مزید شفافیت اور کارکردگی میں بہتری لائیں۔ سی ڈی سی نے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کی اپنی کوششوں سے سرمایہ کارو، ریگولیٹر اور مارکیٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ ایس ای سی پی اور کیپٹل مارکیٹ کے بنیادی انفراسٹرکچر کے اداروں کی جانب سے متعلقہ ریگولیٹری فریم ورک کے تعارف کے بعد پی سی ایم نظام کا کامیابی کے ساتھ نفاذ کیا گیا ہے ۔ سی ڈی سی، پی ایس ایکس، این سی سی پی ایل اور پاکستان کویت انوسٹمنٹ کمپنی نے پی سی ایم متعارف کرایا ہے جس کے نتیجے میں ای کلیئر سروسز لمیٹڈ (ESL)کا آغاز ہوا ہے۔اس پراجیکٹ میں سی ڈی سی کو بطور پراجیکٹ منیجر ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان نے کہاکہ پی سی ایم کے نفاذ سے کسٹڈی کے فنکشنز پی سی ایم کو منتقل ہونے سے کسٹڈی ڈیفالٹ کا خطرہ اور چھوٹے بروکرز کو بااختیار بناکر ریٹیل انوسٹر بیس کو بڑھانے جیسے 2دیرینہ مسائل حل ہوجائیں گے۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے پریزینٹیشن دی اور پروفیشنل کلیئرنگ ممبر کے کام اور فوائد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ یہ سلوشن پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میںسرمایہ کاروں کو مکمل طورپر نیا اور ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرے گا اور انہیں ایک قابلِ اعتماد اور خودمختار تھرڈ پارٹی خدمات فراہم کنندہ کے ذریعے اثاثوں کا تحفظ فراہم کرے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں