میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی پی کے طاقت ور رہنما مکیش کمار چاولہ نیب کے نرغے میں

پی پی کے طاقت ور رہنما مکیش کمار چاولہ نیب کے نرغے میں

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۷ اکتوبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

نیب نے سابق حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے طاقتور وزیر مکیش کمار چاولا کے فرنٹ مین حسن علی شریف کے خلاف کرپشن کیس کی انکوائری تیز کردی، سیکریٹری سندھ اسمبلی غلام عمر فاروق برڑو،سابق وزیر مکیش چاولہ کے خلاف تحقیقات میں رکاوٹ بن گئے، اثاثہ جات کا ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام، نیب نے وارنٹ جاری کرنے کی دھمکی دے دی۔جرأت کو موصول دستاویز ات کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی کی 15سالہ حکومت کے دوران مکیش کمار چاولہ انتہائی طاقتور وزراء میں شامل رہے، سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے قریب ترین سمجھے جانے والے مکیش چاولہ پیپلز پارٹی حکومت کے دوران ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پارلیمانی امور، خوراک کے وزیر رہے ۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ کرپشن کی انکوائری شروع کررکھی ہے، نیب سابق وزیر مکیش کمار چاولہ کے فرنٹ حسن علی شریف اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائزوحید شیخ کے خلاف گھیر ا تنگ کرلیا ہے، نیب نے سندھ اسمبلی کے سیکریٹری غلام محمد عمر فاروق برڑوکو نوٹس ارسال کرکے سوال کیا ہے کہ مکیش کمار چاولہ کتنی بار سندھ اسمبلی کے رکن رہے؟ مکیش چاولہ کو کون سے وزارتیں دی گئیں؟ سندھ اسمبلی سے مکیش کمار چاولہ کو جاری کی گئی تنخواہ، مراعات سمیت دیگر فراہم کی گئی سہولیات کی تفصیلات جمع کروائی جائیں، سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش چاولہ نے کو ن سے اثاثہ جات ظاہر کیے اور ان کے اثاثہ جات کاریکارڈ فراہم کیا جائے، مکیش چاولہ کے فرنٹ مین حسن علی شریف کو پیپلز پارٹی حکومت یا نگران حکومت میں کون سی وزارت ملی یا نہیں ؟ نیب نے نوٹس میں تحریر کیا ہے کہ سیکریٹری سندھ اسمبلی غلام محمد عمر فاروق برڑو نے سابق وزیر مکیش کمار چاولہ کے خلاف تحقیقات میں سپرنٹنڈنٹ عبدالسلام کو فوکل پرسن نامزد کیا لیکن وہ مکیش چاولہ کے اثاثہ جات سے متعلق ریکارڈ فراہم نہیں کررہے اور وقت ضائع کررہے ہیں، اس لیے آپ (سیکریٹری سندھ اسمبلی ) کسی ڈپٹی سیکریٹری کو فوکل پرسن نامز د کریں اور ریکارڈ فراہم کریں بصورت دیگر نیب آرڈیننس کے تحت وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔ نیب کے مطابق پی پی حکومت کے سابق وزیر مکیش چاولہ ان کے فرنٹ مین حسن علی شریف اور محکمہ ایکسائز کے ڈپٹی ڈائریکٹر وحید شیخ کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں