سپریم کورٹ کاکے الیکٹرک گرڈاسٹیشن ،ناجائزتعمیرات گرانے کاحکم
شیئر کریں
سپریم کورٹ کا گرین بیلٹ پر قبضے سے متعلق بڑا فیصلہ، عدالت نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کی گرین بیلٹ مکمل کلیئر کرانے اور تعمیر تمام گھر بھی گرانے کا حکم دیدیا۔منگل کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ای سی ایچ ایس میں گرین بیلٹ پر کے الیکڑک کے گرڈ اسٹیشن بنانے سے متعلق رہائشیوں کی جانب سے کے الیکٹرک کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے آپ یہ بتائیں، آپ کے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں۔ درخواستگزاروں کے وکیل شعاع النبی ایڈووکیٹ نے موقف دیا یہ ہمارا کیس ہی نہیں۔ ہمارا کیس یہ ہے کہ سوسائٹی نے رفاعی پلاٹ کے الیکٹرک کو دے دیاہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ عدالت کلین ہیڈز کے ساتھ آئے؟ آپ کے اپنے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا پی ای سی ایچ ایس کی جانب سے کون پیش ہوا؟ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے پی ای سی ایچ ایس تو گمان ہوچکا۔ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے تو پوری سوسائٹی کے رفاعی پلاٹ بیچ ڈالے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے الیکٹرک پرائیوٹ کاروبار کررہی ہے جگہ کہیں اور لے۔ رہائشی بھی کلین ہیڈز نہیں آئے لہٰذا ان کے گھر بھی گرائے جائیں۔ گرین بیلٹ پر قبضہ کیس میں سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ دیدیا۔ عدالت نے بلاک 6 کی گرین بیلٹ مکمل کلئیر کرانے اور تعمیر تمام گھر بھی گرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بھی ختم کرنے کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ نے بلاک 6 کے رفاعی پلاٹ پر پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کے الیکٹرک، رہائشیوں اور پی ای سی ایس ایچ سوسائٹی کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔ عدالت نے آئندہ سیشن تک سماعت ملتوی کردی۔