اسرائیلی فوج کی لبنان پر وحشیانہ بمباری ، 600شہید، 90ہزار بے گھر
شیئر کریں
اسرائیلی فوج کی لبنان پر گزشتہ چار روز سے جاری وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 600 افراد شہید اور 2500سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 50بچوں، 94خواتین، پیرا میڈیکس و طالبات سمیت 600افراد شہید ہوئے۔اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے ریجنل اور مرکزی کمانڈر بھی شہید ہوئے ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بمباری کے نتیجے میں 2500سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 51 افراد شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ پیر سے اب تک لبنان میں 90,000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ پیر سے اب تک تقریبا 600 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیروت میں ہونے والے فضائی حملے میں حزب اللہ جنوبی ریجن کے کمانڈرعلی کرکی شہید ہوئے۔اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ وہاں سے سیکڑوں شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔