این آئی سی ایل، افسران پر الاؤنسز کی مد میں کروڑوں کی بارش
شیئر کریں
(رپورٹ:مسرور کھوڑو) نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں افسران و ملازمین کے الاؤنسز میں خلاف ضابطہ اضافہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، انتظامیہ نے ہاؤس رینٹ اور یوٹیلٹی الاؤنسز کی مد میں 2کروڑ 88 لاکھ 29 ہزار روپے بے قاعدہ خرچ کردیے ۔روزنامہ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق نیشنل انشورنس کمپنی میں سال 2022 کے ریکارڈ کی تحقیقات کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹر کی بغیر منظوری کے الاؤنسز میں بے قاعدہ اضافہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ، انتظامیہ نے قواعد کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظوری لینے کے بغیر ہاؤس رینٹ الاؤنس کو 40 فیصد سے بڑھا کر 45فیصد اور یویٹلٹی الاؤنس کو 10 سے بڑھا کر 12.5فیصد کردیا، 2 کروڑ 8 لاکھ 80 ہزار روپے گھروں کے کرایے پراور 79لاکھ 48ہزار 4سو روپے یوٹیلٹی الاؤنس کی مد میں بے قاعدہ خرچ کیے گئے ، ریکارڈ کی چھان بین کرنے والے ادارے نے این آئی سی ایل انتظامیہ کو معاملے کے متعلق اکتوبر 2023کو اطلاع دی، جس کے بعد 12 جنوری 2024 کو ہونے والے ڈی اے سی اجلاس میں بے ضابطگی پر تبادلہ خیال کیا گیا، انتظامیہ نے اجلاس میں مطلع کیا کہ این آئی سی ایل مئی 2021سے بورڈ آف ڈائریکٹر کے بغیر چل رہا تھا، اب بورڈ موجود ہے ، اسے منظوری کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سامنے رکھا جائے گا، ڈی اے سی نے فیصلہ کیا کہ بورڈ کی منظوری تک یہ معاملہ معلق رہے گا، ریکارڈ کی چھان بین کرنے والے متعلقہ ادارے نے سفارش کی ہے کہ ڈی اے سی کی ہدایات پر عملدرآمدکیا جائے ۔