لو گ ٹیکس بھرنے کو تیارنہیں ،کروڑوں کی گاڑیاں خریدلیتے ہیں ،شرجیل میمن
شیئر کریں
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لوگ کروڑوں کی گاڑیاں خریدنے کے لیے تیار ہیں لیکن ٹیکس بھرنے کو تیار نہیں اور حکومت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، 29 جون کو پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی ہونے جا رہی ہے ، اس کا مقصد لوگوں سے ٹیکس لینا ہے ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے ٹیکس اہداف مکمل کیے ، جعلی نمبر پلیٹ کے خلاف بھر پور کارروائی شروع کی ہے ، ایک ٹک ٹاکر نے پولیس موبائل کی نمبر پلیٹ لگا کر ٹک ٹاک بنائی، اس وقت وہ سلاخوں کے پیچھے ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بائیومیٹرک سسٹم لانچ ہو چکا ہے ، وہاں ہر چیز ملے گی، موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کر رہے ہیں، گاڑیوں کی رجسٹریشن پہلے 60 دنوں میں ہوتی تھی، کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی روڈ پر نہیں نکلے گی، دوسرے صوبے کی گاڑی بھی کیریئر میں جائے گی۔شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جو مہنگی گاڑیاں خریدتے ہیں، وہ پریمیم نمبر خریدیں گے تو حکومت کو ٹیکس ملے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے سو دن مکمل ہوگئے ہیں، سندھ کے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے ، سندھ حکومت عوام کے سامنے اوراسمبلی میں احتساب کے لیے تیار ہیں۔شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ آزادی صحافت پر سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا، سندھ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی بہبود کے لیے بہت کام کیے ، پیپلزپارٹی نے میڈیا ورکرز اور آزادی اظہار کے لیے بہت کچھ کیا ہے ، محکمہ اطلاعات نے گزشتہ سال مختلف پریس کلب اور ایسوسی ایوسی ایشن کے لیے گرانٹ دی ہے۔