پیٹرول اورڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھائیں توملک دیوالیہ ہوجائیگا،مریم نواز
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کو ایبسیولوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، عوام نے تمہارے آزادی مارچ کو بربادی مارچ بنا کر تمہیں دوبارہ پشاور بھیج دیا ہے ،لوگوںکے بچے ڈنڈے کھاتے رہے ، یہ ہیلی کاپٹر سے نیچے نہیں اترے ،سپریم کورت کے فیصلے سے ان کو شہ ملی اورانہوں نے اس کو استعمال کیا ،جو کچھ گزشتہ روز اورجو گزشتہ کئی ہفتے سے ہو رہا ہے اس کے حوالے سے شیخ رشید اور ان کے تمام رہنمائوں کے بیانات موجود ہیں ،انہوں نے کہا تھا کہ یہ خونی انقلاب ہوگا ، ان کا رکن قومی اسمبلی ایک گاڑی پر چڑھا ہوا تھااور اپنے سامنے آگ لگوا رہا تھا اورگھیرائو جلائوکی ترغیب دے رہا ،میں سپریم کورٹ سے درخواست کروں گی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید کانسٹیبل کمال احمد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، طلال چوہدری، عابد شیر علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ میں شہید پولیس کانسٹیبل کی بیوہ اوربچوں سے مل کر آئی ہوں ، اضطراب کی کیفیت ہے اور میں اس دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی، میں خود ایک ماں ہوں، ایک بیٹی ہوں ، میں جانتی ہوں کہ ان کے گھر پر کیا قیامت ٹوٹی ہے ، ایک عورت جوانی میں بیوہ ہو گئی ،عمران خان نے اپنے جعلی انقلاب کی خاطر پانچ بچوں کو بچپن میں یتیمی کی دلدل میں دھکیل دیا ،یہ خون نا حق عمران خان کے سرپر ہے اور اس کا ذمہ دار عمران خان ہے ۔شہید کانسٹیبل کی بیوہ بھی کہہ رہی تھی کہ میرے خاوند کو شہید کرنے کاذمہ دار عمران خان ہے ۔انہوںنے کہا کہ مجھے اس بات کااطمینا ن ہے کہ پاکستان کی قوم نے اس بات کا ادراک کیا ہے جس کو انقلاب کا نام دیا گیا تھا یہ انقلاب نہیں بلکہ انتشار تھا ، حقیقی انقلاب ، حقیقی آزادی کا سفر گھر سے شروع ہوتا ہے ، تم نے لوگوں کے بچوں کو شہید کر دیا ، اپنے بچے لندن کی فضائوں میں رکھے ہوئے ہیں، لوگوں کو آزادی دلانی ہے تو اپنے بچوں کو کہو کہ تاج برطانیہ کا حلف ترک کر پاکستان آئیں ،پہلے اپنے بچوں کو حقیقی آزادی دلائو پھر لوگوں کو آزادی دلانے کی بات کرنا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چھ دن کی بات سوائے اپنی شرمندگی اورخفت مٹانے کے اور کچھ نہیں ، پچیس لاکھ تیس لاکھ افراد کا دعویٰ کرنے والا پورے پاکستان سے بیس ہزار افراد کو بھی جمع نہیں کر سکا ، اب چھ دن کیلئے پشاور کے بنکرز میں واپس چلے گئے ہیں ،کیا وہاں ان بندوں کو ڈھونڈنے گئے ہیں جو انقلاب میں نہیں آئے ، انقلاب آ گیا ہے بندے نہیں آئے ۔ لوگوں کوپتہ ہے کہ آپ کا ایجنڈاانتشار ہے ، آپ کو ساڑھے تین ،چار سال حکومت ملی رہی پورا اختیار ملا رہا ،سیاہ و سفید کی حد تک اختیار آپ کے پاس تھا ،ان چار سالوں میں آپ نے کیا کیا ،آج کیوں انتشار کا ایجنڈا لے کر نکلے ہیں۔ آپ کے پاس اپنی کارکردگی کا کوئی جواب نہیں ہے ، جھوٹوں کے ڈرامے ،جعلی خط کے ڈرامے ،جعلی سازش اورجعلی انقلاب کولوگ پہچان گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمہارا نعراتھا کہ آزادی مارچ کے لئے نکلو لیکن عوام نے تمہارے آزادی کوبربادی مارچ بنا کر تمہیں دوبارہ پشاور بھیج دیا ہے ،لوگوںکے بچے ڈنڈے کھاتے رہے ، یہ ہیلی کاپٹر سے نیچے نہیں اترے ،انقلاب کئی گھنٹے ہوا میںمعلق رہا ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے بچوں کے ساتھ شر انگیزی فتنہ بازی بند کرو ، تمہاری حکومت بھی ختم ہے سیاست بھی ختم ہے ،قوم کو تقسیم کرنے کی بجائے ، انہیں اپنے اقتدار اورکرسی کی ہوس کا ایندھن بنانے کی بجائے بنی گالہ واپس جائو او رباقی کی زندگی اللہ اللہ کرو ۔ مریم نواز نے کہاکہ رات تک ہر چیز کنٹرول میں تھی ،سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعدانہیںکھلی آزادی ملی ، لیکن خوش ہوں کہ ان کا اصل ایجنڈا جو انتشارفتنہ فساد ہے وہ ایکسپوز ہوا ،سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان کو شہ ملی اورانہوں نے اس کو استعمال کیا ، انہوںنے دارالخلافے کو نذر آتش کیا اوروہ کئی گھنٹے جلتارہا ۔مجھے افسوس ہوا کہ یہ کہا گیا کہ عمران خان تک صحیح پیغام نہیں پہنچا۔