موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی، عمران خان
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے (ن )لیگ حکومت کے مقابلے میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کی کچھ تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ (ن) لیگ کے مقابلے میں موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی۔عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کے نتائج سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے 10 سالہ دورِحکومت میں پنجاب کے محکمہ انسدادِ بدعنوانی کی کارکردگی میں فرق نمایاں ہے ،( ن )لیگ کے 10 سالہ مایوس کن دور کے برعکس ہماری حکومت کے گزشتہ 31 ماہ کے دوران محکمہ انسدادِ بدعنوانی، پنجاب نے بدعنوان عناصرسے 220 ارب روپے واپس نکلوائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ کے اقتدار کے 10 برسوں کے 2.6 ارب روپے کے برعکس ہمارے دور میں 192 ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی،(ن )لیگ کے 10سالہ دورِحکومت کے 430 ملین کے برعکس ہمارے دور میں 2.35 ارب روپے کی کیش ریکوری ہوئی۔انہوںنے کہاکہ ن لیگ کے 10 برسوں کے صفرکے مقابلے میں بالواسطہ کیش ریکوری کا حجم 26 ارب روپے ہوچکاہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ یہی فرق نیب کی کارکردگی میں بھی نمایاں ہے ،1999سے 2017 کے دوران وصول کئے گئے محض 290 ارب کے مقابلے میں ہمارے دورِ حکومت (2018 تا 2020) میں نیب نے بدعنوان عناصرسے 484 ارب روپے واپس نکلوائے ،جب حکومت مجرموں کاتحفظ نہیں کرتی اوراحتساب کی مشینری کو بِلامداخلت کام کاموقع دیتی ہے تو نتائج ملتے ہیں۔