میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہمیں مان لینا چاہیے

ہمیں مان لینا چاہیے

ویب ڈیسک
هفته, ۲۷ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

موجودہ صدی میں نت نئی ایجادات کی ہے لیکن پاکستان جیسے کئی ترقی پذیر ممالک کا المیہ ہے کہ وہ آج بھی راہوں کے تعین میں مخمصے کا شکار ہیں کوئی پارلیمانی جمہوریت کو مسائل کاحل سمجھتاہے تو کسی کو صدارتی نظام میں عافیت نظرآتی ہے اور کچھ چین کی طرح یک جماعتی نظام کوترقی کے لیے لازم تصور کرتے ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ چین اور مغربی ممالک کی تیزرفتار ترقی کاراز کسی نقل کی مرہونِ منت نہیں بلکہ انھوں نے جسے بہترجانا اُسے نہ صرف دل کی گہرائیوں سے قبول کیا بلکہ نافذ کرنے میں بھی کوتاہی نہیں کی الگ الگ نظام کے باوجود ترقی کی منازل طے کر رہے ہیںتجارتی حریف ہونے کے باوجود شراکت داری سے پہلوتہی نہیں کرتے کیونکہ قیادت کی نظر اجتماعی مفاد پر ہے انفرادی نفع پر نہیں اگر کہیں کوتاہی ہوتی ہے یا عوامی مفاد کو زک پہنچتی ہے تو ازالا بھی ہوتاہے۔

اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور پاکستان جو ایک نظریاتی اسلامی مملکت ہے پھر بھی فکری انتشار کا شکارہے جوغیر فطری محسوس ہوتا ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ نقل کرنے کے لیے کسی کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنی انفرادی واجتماعی خامیاں و کوتاہیاں دور کی جاتیںاور من حیث القوم اسلام کو مکمل ضابطہ حیات کے طور پر اپناتے مگر چوہتر برس کے بعد بھی قیادت اسلام کے نفازمیں تذبذب کا شکار ہے ستم ظریفی یہ ہے کہ اردو کوبطور قومی زبان مکمل حقوق نہیں مل سکے علاقائی اورلسانی تعصبات فروغ پارہے ہیں جن کی وجوہات جاننا مشکل نہیں صرف نظامِ تعلیم کو ہی لے لیں پانچ قسم کا تعلیمی نظام رائج ہے کہیں دینی تعلیم پر زور ہے تو کوئی اے لیول اور اولیول پر فریفتہ ہے نجی اور سرکاری تعلیمی نظام میں بھی زمین و آسامان کا فرق ہے جس سے فکری انتشار کی نمو ہوتی ہے ہمیں مان لینا چاہیے کہ کرنے والے کام نہ کرنے کی پاداش میں ملک مسائل کی گرداب میں دھنس رہا ہے اور اربابِ اختیار حقوق دینے میں کوتاہی کے مرتکب ہیں اسی بنا پررگیدنے اور بالاتر ہونے کی کھینچاتانی عروج پر ہے آج بھی پارلیمانی جمہوریت ،صدارتی نظام اور آمریت کے حمایتی باہم برسرِ پیکار ہیں جسے جس میں مفاد نظر آتاہے وہ اُسے ہی ملک کی بقاو مضبوطی کے لیے لازم قراردینے لگتا ہے ہمیں یہ مان لینا چاہیے کہ جب تک شخصی مفاد سے بالاتر ہوکر اجتماعی مفاد کو اہمیت نہیں دیں گے تب تک مسائل کا لاواسلگتا اوربہتارہے گا ۔

ریاستوں کی بقاکے لیے دفاعی اِدارے ناگزیر ہیں لیکن ریاستوں کی بقا کے لیے دیگر عناصر بھی کم اہمیت کے حامل نہیں جنھیں نظراندازکیاجارہا ہے روس جیسی دنیا کی سُپر طاقت نے قوت کاراز عسکری مضبوطی کو سمجھ لیا جوہری وغیرجوہری ہتھیاروں کے انبارکابڑازخیرہ جمع کر لیا مگر معیشت بہتر بنانے اورعوامی مسائل حل کرنے پرتوجہ دینے میں کوتاہی کاارتکاب کیا تو گرتے ہوئے ریت کے گھروندے سے بھی کمزور ثابت ہوئی اِس لیے ہمیں مان لینا چاہیے کہ دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ کرنے والے کچھ اور کام بھی ہیں اِس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کو ایک بڑے دشمن کا سامنا ہے جو موقع کی تاک میں رہتا ہے اگراِدارے سیاستدانوں کو تابع وفرمان بنانے کی بجائے دشمن کی چالیں ناکام بنانے پر دھیان دیتے تو افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے سے روکنے کی التجائیں نہ کرنا پڑتیںاسی مداخلت کی بناپر کئی دہائیوں سے انتخابات کی شفافیت پر سوال اُٹھ رہے ہیں مگر جب سیمنٹ ،دودھ ،دلیے سمیت ڈی ایچ اے کی صورت میں اِدارے تجارت کرنے لگیں تونہ صرف سازشی عناصر کو اُنگلی اُٹھانے کے مواقع ملتے ہیں بلکہ فرائض سے کوتاہی وغفلت کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے تو کیا بہتر نہیں کہ تجارت کی بجائے دفاع پر ہی توجہ مرکوزدی جائے کیونکہ گلی محلے کی تجاوزات ہوں یا اِداروں کی فرائض سے، سبھی غلط ہیں اِدارے اپنا کام کریں اور سیاستدان اپنی زمہ داریاں پوری کریں تبھی ملک میں استحکام آئے گا موجودہ بدحالی پالیسیوں کے عدم تسلسل کی مرہونِ منت ہے پھر بھی جو لوگ تجاوزات کو سراہتے ہیں اُن کا اپناکوئی مفاد ہو سکتا ہے وہ اِداروں کے بہی خواہ نہیں ہو سکتے ۔

کسی پر حب الوطنی ٹھونسی نہیں جا سکتی بلکہ ایسے کام کرناضروری ہے جن سے ریاست پر قوم کا اعتمادبڑھے ریاستیں فلاح وبہبود کی سرگرمیوں سے عوام کادل جیتنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن چوہتر برسوں میں ہم اِتنا بھی ادراک نہیں کر سکے کہ جبر وقہر اورمحرومیاں سرکشی کو جنم دیتی ہیں سماجی و معاشی مساوات کی بجائے تفاوت غم وغصے کا باعث بنتی ہے آج صورتحال یہ ہے کہ سیاستدان بمقابلہ اِدارے ہیں کسی کو اِداروں کی نفرین کا سامنا ہے اور کوئی درجہ محبوبیت پر فائزہے اسی بنا پر دشنام طرازی کی ایسی جنگ جاری ہے جس کے فوری خاتمے کے آثار معدوم ہیں حالانکہ محازآرائی میں ترقی پنہاں نہیں بلکہ آگے بڑھنا ہے توافہام وتفہیم کی روش کو اپنانا ہوگا اپنے سوا سب کو رگیدنے اور غدار کہنے سے ملک کا نہیں دشمن کاہی بھلا ہو سکتا ہے جس کا شاید کسی کو احسا س نہیں کیونکہ سبھی اپنے اپنے مفادکے اسیر ہیں اور زبردستی سب پر اپنا موقف ٹھونسنا چاہتے ہیں یہ سوچ یا رویہ جمہوری آداب کے منافی ہے اور اسی بنا پر مرکز گریز قوتوں کو تقویت مل رہی ہے ملک میں آج بھی مقتدرہ کی سیاست سے بے دخلی اور پارلیمان کی حاکمیت کی جنگ جاری ہے خود اچھے بننے کی بجائے دوسروں کواچھے بچے بنانے کے چکر میں ملک سے بدظن کیا جارہا ہے اگر سیاستدان اور اِدارے اپنی حدودوقیود کی پاسداری کریں تو ملک کے طول وعرض میں پھیلی زہرناکی کم ہو سکتی ہے اور فکری انتشارمیں کمی کے ساتھ کسی ایک سوچ پر اتفاق کی راہ ہموار ہو سکتی ہے ہمیں یہ مان لینا چاہیے کہ اپنے رعب ودبدبے کے لیے عوامی مفادپس پشت ڈالنے کی بناپر ہمارارویہ ملک کو کمزوربنانے کا باعث ہے جس سے قوم کا بھلا نہیں بلکہ دشمن کا کام ہی آسان ہو سکتا ہے۔

اِداروں کوپس منظر میںرہ کر کام کرنا پڑتا ہے جبکہ سویلین قیادت کے پاس اپنی بات عوام تک پہنچانے کے لیے ذرائع ابلاغ ،جلسے وجلوسوں کی صورت میںبہت طریقے ہوتے ہیں جس کا عشرعشیر بھی اِداروں کے پاس نہیں ہوتا لیکن اِداروں کے پاس پسندیدہ چہروں کی رونمائی کے لیے بھی کافی وسائل ہوتے ہیں جن سے کام لیکر غیر معروف شخصیات کوقبولِ عام بنایاجاتا ہے اورپھر اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کی جاتی ہے ہمیں مان لینا چاہیے کہ اصغرخاں کیس میں اِداروں کی کارگزاری بے نقاب ہوچکی ہے مگر سبق حاصل نہیں کیا جارہا آج بھی اُٹھتی اُنگلیاں اِس امر کی اغماض ہیںکہ آج بھی تعریف پر حامی ومحب الوطن اورتنقید کرنے والے کو مخالف وغدارکہا جاتا ہے چاہیے تنقید تعمیری ہی کیوں نہ ہو۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ اِدارے اپنی توجہ بڑے دشمن کے ناپاک اِرادوں کو ناکام بنانے کی طرف مبذول کریںجو کشمیر کو ہڑپ کرنے کے بعد پراکسی وار سے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے اگر اب بھی کوتاہی کی جاتی ہے اور خامیاں دور نہیں کی جاتیں تو ہمیں مان لینا چاہیے کہ آنے والی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ سے یاد نہیں کریں گی کیا ہم چاہتے ہیں کہ ہمیںغیر زمہ دار اور لاپرواہ کہا جائے؟ راست گو اور فرض شناس کی بجائے خائن اور مفادپرست کا لقب دیاجائے؟ اگر ہم ایسا نہیں چاہتے تو ہمیں غلطیاں وکوتاہیاں دور کرتے ہوئے فرائض تک محدودرہنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں