چین سے دوسراجہاز طبی ساز وسامان لے کر کراچی پہنچ گیا
شیئر کریں
چین سے دوسراجہاز طبی ساز وسامان لے کر کراچی پہنچ گیا جس میں 56ہزار ٹیسٹنگ کٹس ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق علی بابا اور جیک مافائونڈیشن کی جانب سے سامان کی یہ دوسری کھیپ ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے سامان وصول کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ56ہزارکورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس،این 95 ماسکس اور دیگر طبی سامان چین کی جانب سے امداد کی صورت میں بھیجا گیا ۔انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے چین کی حکومت و عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔گذشتہ روز بھی خصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا۔چینی بزنس مین و معروف آن لائن کمپنی علی بابا کی جانب سے پاکستان کوکورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سامان عطیہ کیا گیا ہے ۔ عطیہ کیے گئے سامان میں 5 لاکھ ماسک، 50 ہزار ٹیسٹ کِٹس اور دیگر سامان شامل ہے ۔چینی سفارت خانے کے مطابق پاکستان کو مزید طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کی جا رہی ہے اور چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی ہسپتا ل بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔کورونا وائرس سے بچائو اور علاج کے سلسلے میں چین کی جانب سے خنجراب ٹاپ کے راستے گلگت بلتستان حکومت کو بھی امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے ۔سامان میں 2 لاکھ فیس ماسک، 2 ہزار N95 ماسک، 5 وینٹی لیٹر،2 ہزار ٹیسٹنگ کٹ،2 ہزار میڈیکل کپڑ ے شامل ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گورنرسنکیانگ نے 10ٹن ضروری آلات اور اشیا بطور امداد دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آلات اور اشیا میں وینٹی لیٹر،ماسک،ٹیسٹ کٹ اور دیگر ضروری چیزیں بھی شامل ہیں۔