
سندھ میں کورونا کے مریض کی تدفین کیلیے 2 روز میں پالیسی بنانے کی ہدایت
شیئر کریں
آئی جی سندھ مشتاق مہر نے پولیس افسران کو دو روز کے اندر کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے مریضوں کی تدفین کے لیے پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر نے تمام ایس ایس پیز اور ایس پیز کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے مریض کی موت پر اس کی تدفین کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ ہیلتھ کمشنرز کے ساتھ مل کر پالیسی بنائی جائے ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کی موت پر اس کی لاش کی نقل و حرکت اور تدفین کے لیے راستہ اور قبرستان کی شناخت کی جائے ۔نوٹیفکیشن میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین کے لیے مخصوص قبرستان بنانے کا بھی کہا گیا ہے اور لاش کو لانے لے جانے اور تدفین میں حصہ لینے والے عملے کی فہرست بھی تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔آئی جی سندھ کی ہدایت کے مطابق پولیس امن و امان کی خراب صورتحال سے بچنے کے لیے علمائے دین، علاقہ معززین کو بھی کورونا میں مبتلا میت کی تدفین کے لیے اعتماد میں لیا جائے ، مخصوص سفارشات کو قابل عمل ہونے پر پالیسی میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1204 تک جا پہنچی ہے ۔