پیپلز پارٹی سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت ہوگی، آصف زرداری
شیئر کریں
سابق صدرمملکت اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 6ماہ بعد سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیاہے گزشتہ شب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بلاول ہائوس میں پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا،جس میں سابق صدر آصف علی زرداری،ان کی صاحبزادیاں بختاور بھٹوزرداری،آصفہ بھٹوزرداری اور ان کے داماد محمودچوہدری نے خصوصی شرکت کی جبکہ وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ ، اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے علاوہ صوبائی وزرا، ارکان سندھ اسمبلی اور سینیٹ الیکشن کے نامزد امیدوار بھی شریک ہوئے۔تقریب سے اپنے مختصر سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت ہوگی،موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچادیاہے اب ان حکمرانوں کو جانا ہوگا۔ذرائع کے مطابق عشائیہ میں پیپلز پارٹی کے ناراض رکن سندھ اسمبلی علی نواز مہر بھی شریک ہوئے۔علی نواز مہر جی ڈی اے رہنما علی گوہر مہر کے چھوٹے بھائی ہیں،رکن سندھ اسمبلی علی نواز مہر دو سال سے پیپلز پارٹی میں غیر فعال تھے، ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی یہ بڑی سیاسی کامیابی ہے کہ گھوٹکی سے منتخب ناراض رکن سندھ اسمبلی علی نواز مہر بھی دوبارہ پیپلزپارٹی میں فعال ہوگئے ہیں۔