پاکستان اوربھارت مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں،امریکی وزیر خارجہ
شیئر کریں
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مزید فوجی کارروائی سے گریز کیا جائے ۔
بھارت کی پاکستانی حدود میں دراندازی کے معاملے پر امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی کارروائی کے بعد میں نے سشما سوراج اور شاہ محمود قریشی سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرا خارجہ ترجیحی بنیادوں پر باہمی رابطے کریں اور دونوں ممالک مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے بات چیت میں سیکیورٹی پارٹنر شپ اور خطے میں امن کے معاملے پر بات ہوئی جب کہ شاہ محمود قریشی سے فوجی کارروائی سے گریز کے ذریعے کشیدگی میں کمی پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ اور کشیدگی سے گریز کریں۔یاد ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بھارتی ایئر فورس کے طیارے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے اور پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں دراندازی کرنے والے طیارے بالاکوٹ کے مقام پر ایمونیشن گرا کر فرار ہوگئے ۔