اسرائیلی آرمی چیف کی ایران پرحملے کی دھمکی
شیئر کریں
اسرائیلی آرمی چیف نے آئندہ سال ایران پر حملے کی دھمکی دے دی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ایویو کوچاوی نے اسرائیلی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ا یران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کے لیے نئے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کر دی اور ساتھ ہی آئندہ سال ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کا حکم بھی دیا ۔اسرائیلی آرمی چیف ایویو کوچاوی نے کہا کہ ایران پر دبائو برقرا رکھیں گے ، ایران کے پاس ایٹم بم بنانے کی صلاحیت کسی صورت نہیں ہونی چاہئے ۔ اسرائیلی آرمی چیف نے امریکی صدر جوبائیڈن انتظامیہ کو بھی خبر دار کر دیا کہ 2015 کی ایران ڈیل میں دو بارہ شامل نہ ہوا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ اور لبنان کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ وہ ایسے علاقوں کو خالی کردیں جہاں ہمارے خلاف اسلحہ ذخیرہ کیا جا رہا ہے ، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہماری فوج سخت حملے کے لیے تیار ہے ، اسرائیل کے دشمن ایران اور حزب اللہ اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر چکے ہیں۔اسرائیلی آرمی چیف نے کہا کہ ایران حماس اور حزب اللہ کو سالانہ اربوں ڈالرز کی فوجی معاونت کر رہا ہے جس کی وجہ سے ان تنظیموں کو اپنی فوجی صلاحیتیں بڑھانے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنی فورسز تشکیل دیں۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر حزب اللہ اور حماس نے یہ فورسز ہمارے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی تو اس سے پہلے ہی اسرائیل کی جانب سے ایسا حملہ کیا جائے گا جس کا انہوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا۔