میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، وزیراعظم

دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، وزیراعظم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۶ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کے دن کے حوالے سے دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے۔وزیراعظم ہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن پاک میں حضرت عیسی علیہ السلام کا تفصیل سے ذکر موجود ہے، بطور مسلمان ہم انہیں اللہ کا نبی مانتے ہیں، انہیں اللہ پاک نے کئی معجزات سے نوازا تھا، قرآن پاک میں حضرت عیسی کی والدہ حضرت مریم علیہ السلام کا ذکر بھی موجود ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ میں اور میرے بڑے بھائی نواز شریف ہم دونوں مشنری اسکولوں سے پڑھے ہوئے ہیں، آج ہماری استاد مس پائول دنیا میں موجود نہیں لیکن آج کا دن ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ملکر امن اور ترقی کو فروغ دیں، تفریق در تفریق کا خاتمہ کریں، تحمل اور برداشت سے کام لیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، ان کا احترام کرنا چاہیے تاکہ وہ بھی خود کو ملک کا برابر کا شہری سمجھیں اور وہ بھی ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں حصہ ڈال سکیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہر شعبے میں اپنی خدمات انجام دی ہیں خواہ وہ پاکستان کی جنگیں ہوں، سرکاری اداروں میں فرائض انجام دینے کی بات ہو، یا کوئی دوسرا محاذ، مسیحی برادری نے ہر جگہ بہترین خدمات انجام دی ہیں، فیصل چوہدری اور جسٹس کارنیلئس کو کون نہیں جانتا؟ مسیحی برادری کا پاکستان کی ترقی میں کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسی اور قائداعظم دونوں کی تاریخ پیدائش 25 دسمبر ہے اس وجہ سے اس دن کی اہمیت ہمارے لیے مزید بڑھ جاتی ہے۔شہباز شریف نے بابائے قوم قائداعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ ہماری ترجیح رہی ہے، آپ کی ترقی کا سفر اور بہتری ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ لہذا آج میں آپ کو کرسمس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ترقی اور خوشحالی نہ صرف ہمیں عزیز ہے بلکہ ہماری ذمہ داری ہے جسے بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے اور مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں